فواد عالم کی ذمہ دارانہ اننگ نے قومی ٹیم کی لڑ کھڑاتی بیٹنگ کو دیا سہارا

0
35

فواد عالم کی ذمہ دارانہ اننگ نے قومی ٹیم کی لڑ کھڑاتی بیٹنگ کو دیا سہارا

باغی ٹی وی :فواد عالم کراچی ٹیسٹ میں ذمہ دارانہ بیٹنگ سے ہچکولے کھاتی قومی بیٹنگ لائن کا سہارا بنے اور کیرئر کی تیسری سنچری بنا لی۔

تفصیل کے مطابق کراچی ٹیسٹ پینتیس سالہ فواد عالم کے لیے یادگار بن گیا ہے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے 220 رنز کے جواب میں چار وکٹوں کے جلد گر جانے پر ٹیم کی نیا گویا بھنور میں پھنس گئی تھی۔

اس کے بعد فواد عالم میدان میں آئے اور ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے ناصرف ٹیم کی پوزیشن مضبوط کی بلکہ اپنی سنچری بھی مکمل کی۔

مڈل آرڈر بلے باز نے کراچی ٹیسٹ کی سنچری 220 گیندوں پر مکمل کی، انہوں نے 8 چوکے اور 2 زوردار چھکے لگائے۔ انہوں نے انتہائی مشکل پِچ پر پروٹیز باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ فواد نے سابق کپتان اظہر علی کی شراکت میں 94 جبکہ محمد رضوان سے مل کر 55 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کے پہلی اننگز کے اسکور 220 کے آگے قومی ٹیم 27 کے مجموعے پر ہی 4 کھلاڑیوں سے محروم ہوگئی تھی۔ ایسے میں فواد عالم سابق کپتان اظہر علی کا ساتھ دینے کریز پر آئے اور ٹیم کے اہم 94 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔

اظہر علی کے بعد انھوں نے پہلے محمد رضوان کے ساتھ 55 رنز کی شراکت بنائی اور پھر فہیم اشرف کے ساتھ انھوں نے سنچری پارٹنرشپ بناڈالی۔ فواد عالم نے چھکا لگا کر اپنی سنچری بنائی اور اپنے روایتی انداز خوشی بھی منائی، یہ فواد کی تیسری اور اپنے ہوم گراؤنڈ میں پہلی ٹیسٹ سنچری تھی۔

گو کہ اس سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کے میدان پر وہ دس فرسٹ کلاس سنچریاں بناچکے ہیں۔ یوں یہ اس اسٹیڈیم پر ان کی گیارہویں اور کیرئیر کی 38ویں فرسٹ کلاس سنچری ہے۔

یہاں ایک دلچسپ پہلو یہ بھی ہے کہ فواد عالم کے کیرئیر میں ایک بھی ففٹی نہیں، وہ پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے اپنی تینوں ابتدائی ففٹیز کو سنچریوں میں تبدیل کیا۔

واضح رہے کہ فواد عالم نے 2009 میں اپنے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز کیا تھا لیکن انہیں ڈیبیو پر سنچری کے باوجود بھی تین ٹیسٹ بعد ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا اور وہ 11 سال ٹیم سے باہر رہے لیکن اس دوران وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی کارکردگی کا لوہا منواتے رہے اور ہمت بنائے رکھی اور ثابت کیا کہ ہمت برقرار اور حوصلے بلند ہوں تو منزل ضرور ملتی ہے۔

فواد عالم اننگ میں 109 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ وہ فرسٹ کلاس کیرئیر میں 13 ہزار رنز مکمل کرنے سے 38 رنز کی دوری پر ہیں تاہم ٹیسٹ کرکٹ میں ان کے مجموعی رنز 509 ہیں۔

Leave a reply