پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار فیروز خان نے رواں برس مارچ میں شوبز چھوڑ کر مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کیا تھا اور اب انہوں نے انڈسٹری میں واپسی کا اعلان کردیا۔
باغی ٹی وی : فیروز خان نے مختصر ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ وہ اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ انہوں نے شوبز کو خیرباد کہہ دیا ہے اور اب وہ مذکورہ پلیٹ فارم کو مذہبی تعلیمات کے پھیلاؤ کے لیے استعمال کریں گے۔
انہوں نے لکھا تھا کہ انہیں معلوم ہے کہ مداح ان کے جواب کے منتظر تھے اور اب وہ مداحوں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ ان کے لیے دعا کریں۔
بعد ازاں انہوں نے بتایا تھا کہ اداکاری چھوڑنے کے بعد وہ جلد اپنا ملبوسات کا برانڈ لانچ کرنے جارہے ہیں اور یہی ان کی کمائی کا ذریعہ ہوگا۔
تاہم شوبز سے ایک سال سے کم مختصر عرصے تک کنارہ کشی کے بعد اداکار فیروز خان نے بتایا ہے کہ وہ انڈسٹری میں واپس آگئے ہیں اور مختلف اسکرپٹس بھی پڑھ رہے ہیں۔
اداکار فیروز خان نے شوبز انڈسٹری چھوڑکر واپس آنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ مختلف کام کرنے ہیں اسی لیے انڈسٹری میں واپس آیا ہوں۔
ایک ویب سائٹ کو دیئے گئے انٹرویو کے مطابق فیروز خان نے کہا کہ میرے شیخ حضرت سلطان محمد علی صاحب ہیں جوکہ حضرت سلطان باہوؒ کی دسویں اولاد ہیں، انہوں نے مجھے حکم دیا تھا کہ میں یہ انڈسٹری نہ چھوڑوں۔
فیروز خان نے یہ بھی کہا کہ شیخ صاحب نے مجھے کہا ہے کہ میرے لیے ضروری ہے کہ میں شوبز انڈسٹری سے جڑا رہوں۔ یہی وجہ ہے کہ مجھے یہاں رہتے ہوئے کچھ مختلف کرنا ہے اس لیے میں انڈسٹری میں واپس آیا، آج کل نئے ڈراموں پر کام کر رہا ہوں اور بہت جلد اپنا پروڈکشن ہاؤس بھی شروع کرنے والا ہوں۔