لاہور میں فائرنگ: ن لیگی ایم پی اے کے دو بھتیجے زخمی
لاہور: رائے ونڈ اڈہ پلاٹ کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ن لیگی رکن اسمبلی مرزا جاوید کے دو بھتیجے مرزا اویس اور مرزا ایاز زخمی ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق نا معلوم ملزمان کی فائرنگ سے رکن صوبائی اسمبلی مرزا جاوید کے دو بھتیجے زخمی ہوئے ہیں۔
علاقہ پولیس کے مطابق فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکاروں سمیت امدادی ادارے کے رضاکار فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر علاج معالجے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم ایک زخمی اویس کا آپریشن بھی کر رہی ہے۔
علاقہ پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم پی اے مرزا جاوید کے مطابق کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے ملزمان کو ڈھونڈنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور انہیں قرار واقعی سزا بھی دلوائی جائے گی۔واضح رہے کہ کچھ ہی عرصہ قبل ملزمان نے فائرنگ کر کے لاہور میں ن لیگی رکن اسمبلی بلال یاسین کو بھی زخمی کردیا تھا۔
یاد رہے کہ چند ماہ قبل لاہور میں ہی ن لیگ کے مرکزی رہنما بلال یٰسین پر بھی قاتلانہ حملہ ہوا تھا جس کے منصوبہ سازوں تک پولیس پہنچ چکی ہے ، یہ بھی یاد رہے کہ لاہور میں اس قسم کے واقعات میں بہت زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ،