مسجد میں فائرنگ، پیش امام سمیت 3 افراد جاں بحق:پولیس بھی بول اٹھی

0
45

شکارپور:مسجد میں فائرنگ، پیش امام سمیت 3 افراد جاں بحق:پولیس بھی بول اٹھی ،اطلاعات کے مطابق شکارپور کے علاقے گڑھی یاسین میں مسجد میں فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں مسجد کے پیش امام سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

شکارپور پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ شکارپور کے علاقے گڑھی یاسین کے قریب گوٹھ حبیب جکھرو میں پیش آیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اور رضاکار تنظیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ مسجد میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، جن کی شناخت پیش امام ارشاد منگرانی، دلشاد اور شمن کے ناموں سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے تاہم تحقیقات کے بعد ہی حتمی نتیجہ اخذ کیا جاسکتا ہے۔واقعے کے بعد پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے لیکن تاحال کسی ملزم کی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

واضح رہے کہ شکارپور میں اس سے قبل بھی دیرینہ دشمنی کے نتیجے میں فائرنگ کے کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں جن میں اب تک درجنوں افراد اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

ادھر خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں مسلح حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک پادری ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ گلبہار تھانے کی حدود میں رنگ روڈ کے قریب پیش آیا، واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی تھی اور سرچ آپریشن جاری ہے۔

پولیس نے کہا کہ جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور سی سی ٹی وی کیمروں کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔پولیس کے مطابق ولیم سراج چمکنی تھانے کی حدود میں ایک چرچ میں پادری تھے۔

دریں اثنا لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان نے بتایا کہ زخمی پادری کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں پر طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فارغ کر دیا گیا تھا۔

Leave a reply