فیول ایڈجسٹمنٹ 3 ماہ کیلئے مؤخر کرنے کی تجویز منظور
باغی ٹی وی : مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں فیول ایڈجسٹمنٹ 3 ماہ کیلئے مؤخر کرنے کی تجویز منظور کر لی گئی، پائیدار ترقی پروگرام کیلئے ایک ارب 70 کروڑ گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
اجلاس کے دوران تاپی پائپ لائن منصوبے کیلئے گیس قیمتوں کا تعین کرنیوالی کمیٹی قائم کر دی گئی۔ ای سی سی نے 4 سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری بھی دی، ایف پی ایس سی کیلئے 16 کروڑ، اسپیشل سکیورٹی ڈویژن جنوبی فیز ون کیلئے 11 ارب 48 کروڑ اور ایس سی او کیلئے 46 کروڑ 42 لاکھ روپے کی گرانٹس دی جائیں گی۔
کمیٹی اراکین کو آئی ایم ایف کی جانب سے کورونا وبا کے خلاف اقدامت کی مد میں ملنے والے متوقع قرض سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔
دوسری طرف حکومت پنجاب نے وفاقی حکومت کے ساتھ ملکر پنجاب میں 69 لاکھ خاندانوں کی مالی امداد کا فیصلہ کیا ہے
کرونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے پنجاب حکومت اور وفاقی حکومت نے مزدوروں کے لئے معاشی پیکج کا اعلان کیا تھا پنجاب میں 44 لاکھ افراد کو احساس کفالت پروگرام کے تحت اور 25 لاکھ خاندانوں کو چیف منسٹر انصاف امداد پروگرام کے تحت امداد دی جائے گی۔ حکومت پنجاب کی جانب سے 2 لاکھ افراد کو زکوۃ فنڈ سے 9 ہزار روپے فی کس امداد دی جائے گی۔
چیف منسٹر انصاف امداد پروگرام کی درخواستوں کی سکروٹنی کا عمل آج سے شروع ہوگا۔ پنجاب حکومت کو 1 کروڑ 56 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں جس کی سکر وٹنی کا عمل تین روز میں مکمل ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ مالی امداد کی فراہمی کا عمل شفاف اور تیز ترین ہوگا، رقم کی تقسیم میں کسی قسم کی سستی برداشت نہیں ہوگی۔ آزمائش کے وقت متاثرہ لوگوں کی مددکا جذبہ قابل ستائش ہے،قوم نے ہمیشہ مشکل گھڑی میں دل کھول کر مدد کی ہے،فنڈ کی رقم دیانتداری کے ساتھ مستحق لوگوں تک پہنچائیں گے