سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

0
91

کراچی: سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔اطلاعات کے مطابق عیدگاہ گراؤنڈ ناظم آباد میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے منور حسن کی نماز جنازہ پڑھائی، جس کے بعد ان کی میت کو تدفین کے لیے سخی حسن قبرستان لے گئے۔

نماز جنازہ میں سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما عامر خان، مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی، مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ جماعت اسلامی کے کارکنان سمیت شہریوں کی بڑی تعداد بھی منور حسن کے جنازے میں شریک ہوئے اور ان کی مغفرت و بلندی درجات کی دعا کی۔

خیال رہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منور حسن 26 جون 2020 کو شہر قائد کے ایک نجی ہسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔

وہ گزشتہ کئی روز سے علیل تھے اور ہسپتال میں زیرعلاج تھے، جہاں کچھ روز قبل انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔

جماعت اسلامی کے سابق امیر کے انتقال پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ سندھ، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن و دیگر شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا تھا۔

Leave a reply