چترال :برف باری,گرم چشمہ روڈ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند،آبادی کاچترال سے زمینی رابطہ منقطع

چترال،باغی ٹی وی (گل حماد فاروقی کی رپورٹ)برف باری,گرم چشمہ روڈ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند،آبادی کاچترال سے زمینی رابطہ منقطع

چترال اور مضافات میں گذشتہ رات سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ چترال شہر میں دو سے تین انچ تک برف باری ہوئی ہے جبکہ لواری ٹنل روڈ پر دو فٹ تک برف ریکارڈ ہوچکی ہے۔ گرم چشمہ سڑک شدید برف باری کے باعث ہر قسم کے ٹریفک کیلئے بند ہے جس کی وجہ سے چالیس ہزار لوگوں کا چترال سے رابطہ منقطع ہے۔

دو دن مسلسل بارش کے بعد ضلع اپر اور لویر چترال میں گذشتہ رات سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ برف باری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ بازارسنسان ہوچکے ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک نہایت کم ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ بغیر کسی خاص ضرورت کے سفر کرنے سے گریز کریں تاکہ برفانی یا مٹی کا تودہ گرنے کی وجہ سے کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

وادی کیلاش کی تینوں علاقوں بمبوریت، بیریر، رمبور اور شیخانندہ میں بھی برف باری کا سلسلہ جاری ہے جہاں دو فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔

مڈگلشٹ میں دو فٹ سے زیادہ برف باری ہوئی ہے اور وہاں کا راستہ بھی جگہہ جگہہ برفانی تودے گرنے کی وجہ سے خراب ہوچکا ہے۔ چترال کے لوگ برف باری کے دوران خود کو سردی سے بچانے کیلیے لکڑی جلاکر آگ جلاتے ہیں جس کی وجہ سے جنگلات پر بوجھ بڑھ جاتا ہے۔

چترال میں طویل خشک سالی کے بعد اس سیزن میں دوسری بار برف باری ہوئی ہے تاہم مقامی بزرگوں کا کہنا ہے کہ مارچ کے مہینے میں پندرہ سال بعد برف باری ہوئی ہے۔ مقامی ماہرین کے مطابق جب نومبر، دسمبر یا جنوری میں برف باری ہوتی ہے تو وہ دیرپا ہوتی ہے اور کافی حد تک وہ جمی رہتی ہے جو موسم گرما میں پانی کا بڑا ذحیرہ ہوتا ہے مگر اس موسم میں برف جلدی پگھل جاتی ہے۔

حالیہ برف باری سے ایک طرف اگر عوام خوش ہیں تو دوسری طرف زمیندار طبقہ بھی نہایت پرامید ہے کہ اس سے ان علاقوں میں کھیتوں کو سیراب کیا جائے گا جہاں نہری پانی دستیاب نہیں ہے اور لوگ بارش یا برف کے پانی سے اپنی فصلوں کو سیراب کرتے ہیں۔

گرم چشمہ کے عمایدین کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ابھی تک سڑک سے برف ہٹانے کا کام شروع نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے پوری وادی کے لوگ محصور ہوچکے ہیں اور ان کو روزمرہ استعمال کی چیزیں، تازہ سبزی اور مرغی، گوشت وغیرہ بھی فراہم نہیں کئے جاسکتے۔

برف باری کے دوران بچے لوگ بہت خوش ہوتے ہیں اور وہ برف کے گولے بنا کر ایک دوسرے پر پھینک کر اس سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

تازہ ترین رپورٹ کے مطابق اس وقت چترال کے طول و عرض میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے اور درجہ حرارت بھی نقطہ انجماد سے نیچے گرا ہوا ہے۔

مسافروں اور سیاحوں سے گذارش ہے کہ وہ لواری ٹنل سڑک پر سفر کرنے سے پہلے سڑک کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سنو چین ضرور استعمال کریں تاکہ برفیلی سڑک پر سفر کے دوران پھسلنے سے بچ جائیں اور محفوظ طریقے سے سفر جاری رکھ س سکیں۔

واضح رہے کہ برف باری کے دوران کثیر تعداد میں سیاح ان علاقوں میں آتے ہیں اور برف باری سے لطف اندوز ہوکر اس میں سیلفیاں اور تصاویر بناتے ہیں۔

Leave a reply