وزارت داخلہ کے نام سے منسوب گاڑیوں کے کالے شیشوں کے جعلی اجازت نامے جاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے ،مختلف قسم کی ویب سائیٹس کے ذریعے ملک بھر میں وزارت داخلہ کے نام سے منسوب پرائیویٹ گاڑیوں کو جعلی اجازت نامے جاری کئے جارہے ہیں.وزارت داخلہ نے انکشاف کے بعد سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے.
وزارت داخلہ نے گاڑیوں کے کالے شیشوں کے جعلی اجازت ناموں کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے کو فوری کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔
ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزارت داخلہ کے نام سے منسوب گاڑیوں کے کالے شیشوں کے جعلی اجازت نامے جاری اور اجازت ناموں کی اصلیت جاننے کیلئے جعلی ویب سائیٹس استعمال کرنے کے انکشاف پروزارت داخلہ نے غیرقانونی اجازت نامے بنانے والے جعلسازوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت داخلہ نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو جعلسازوں کے خلاف کارروائی کیلئے ہدایات جاری کردیں اور اس حوالے سے ایک مراسلہ بھی جاری کیا گیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جعلساز وزارت داخلہ کا نام استعمال کرتے ہوئےدھوکہ دہی سے عوام کو گاڑیوں کے شیشے کالے کرنے کے جعلی اجازت جاری کررہے ہیں۔
جعلساز کالے شیشوں کے اجازت ناموں کے عوض عوام سے بھاری معاوضہ بھی وصول کررہے ہیں۔عوام سے دھوکہ دہی اور وزارت داخلہ کا نام جعلی اجازت ناموں کیلئے استعمال کرنے والوں کیخلاف کاروائی کیجائے۔
کریک داؤن کا فیصلہ ایڈیشنل سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی شکایت پر کیا گیا ہے۔عدالت کی جانب سے کالے شیشوں کے اجازت نامے پر پابندی کے فیصلے کے بعد 2013 سے اب تک وزارت داخلہ نے گاڑیوں کے شیشے کالے کرنے کا کوئی نیا اجازت نامہ جاری نہیں کیا.