گرمی کی شدت،لوٹن ائیر پورٹ کا رن وے پگھل گیا،گئی پروازیں منسوخ،مسافر خوار

0
32

یورپ سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں گزشتہ ہفتے پڑنے والی شدید گرمی نے جہاں انسانوں کو بدحال کر دیا وہیں ان ممالک کا بہترین انفرا اسٹرکچر بھی بری طرح متاثر ہوا۔ شدید گرمی کی وجہ سے ناصرف سڑکیں،چھتیں اور ٹرین کی پٹریاں پگھل گئیں بلکہ بڑھتی حدت نے مختلف یورپی ممالک میں انفرا اسٹرکچر کو بھی کمزور بنا دیا۔

برطانیہ میں پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا جبکہ 18 جولائی کو پڑنے والی گرمی سے لوٹن ائیر پورٹ کے رن وے کا ایک حصہ بھی متاثر ہوا لیکن خوش قسمتی سے ائیرپورٹ پر ایک طیارہ باحفاظت لینڈ کر گیا۔

برطانیہ کے لوٹن ائیر پورٹ کا رن وے پگھلنے کی وجہ سے فلائٹ آپریشن بھی عارضی طور پر متاثر ہوا۔ جس کی وجی سے مسافروں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا ،اکثر مسافروں کو ایئرپورٹ آ کر پتا چلا کہ ان کی فلائیٹس منسوخ کر دی گئی ہیں.

برطانیہ کے شہر لندن میں قائم 134 سال پرانا ہیمرسمتھ پل کو گرمی سے بچانے کے لیے چاندی کے طرز کی فوائل سے ڈھانپ دیا گیا، ایسا کرنے کا مقصد سورج کی تیز شعاعوں کا رخ موڑنا ہے تاکہ برج میں کہیں دراڑ نا آئے یا لوہے کی دھات گرمی سے پگھل نہ جائے۔اس کے علاوہ لندن کے الیگزینڈرا پیلس پر ٹرین کی پٹریوں کو گرمی کی شدت سے محفوظ رکھنے کے لیے سفید رنگ کر دیا گیا ہے۔

ویسے تو پاکستان میں پروازوں میں تاخیر یا منسوخ ہونا غیرمعمولی بات نہیں مگر اس سال دنیا کے دیگر حصوں سے موازنہ کیا جائے تو پاکستانی فضائی کمپنیاں کافی اچھا کام کررہی ہیں۔

درحقیقت 2022 کے موسم گرما میں دنیا کے متعدد ائیرپورٹس اور فضائی کمپنیوں کی جانب سے متعدد پروازوں کو منسوخ کیا گیا ہے جبکہ پروازوں میں تاخیر بھی معمول بنتی جارہی ہے۔

دنیا میں سب سے زیادہ پروازوں کو منسوخ کرنے یا تاخیر کا باعث بننے والے ائیر پورٹس کی الگ الگ فہرستیں سامنے آئی ہیں۔موسم گرما کے دوران دنیا میں جس ائیرپورٹ پر سب سے زیادہ پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں وہ کینیڈا کا ٹورنٹو انٹرنیشنل ائیرپورٹ ہے۔

اس ائیرپورٹ پر 26 مئی سے 19 جولائی کے دوران 52.2 فیصد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔اس کے بعد 45.4 فیصد پروازوں کی تاخیر کے ساتھ جرمنی کا فرینکفرٹ ائیرپورٹ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ فرانس کا پیرس چارلس ڈیگال ائیرپورٹ 43.2 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

نیدرلینڈز کے ایمسٹرڈیم ائیرپورٹ میں 41.5 فیصد جبکہ لندن کے گیٹ وک ائیرپورٹ میں 41.1 فیصد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں اور یہ بالترتیب چوتھے اور 5 ویں نمبر پر رہے۔لندن کے ہی ہیتھرو ائیرپورٹ میں 40.5 فیصد پروازوں کو اڑان بھرنے میں تاخیر ہوئی اور وہ چھٹے نمبر پر رہا۔

اس حوالے سے جرمنی کا میونخ ائیرپورٹ 7 ویں، یونان کا ایتھنز انٹرنیشنل ائیرپورٹ 8 ویں، آسٹریلیا کا سڈنی کنگز فورڈ اسمتھ ائیرپورٹ 9 ویں اور امریکا کا اورلینڈو انٹرنیشنل ائیرپورٹ 10 ویں نمبر پر رہا۔

Leave a reply