انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی کا دورہ پاکستان

0
45
Isd

انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی کا دورہ پاکستان

انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی ( آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے 15 سے 16 فروری 2023 تک پاکستان کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل نے وزیر اعظم، وزیر خارجہ، وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اور سیکرٹری خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران بات چیت میں پاکستان اور انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے درمیان جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے اور بالخصوص موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے اس کے کردار پر توجہ مرکوز کی گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل گروسی نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین اور پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین سے بھی ملاقاتیں کیں، جنہوں نے انہیں نیوکلیئر سکیورٹی اور ریگولیٹری نظام کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی میں نیشنل ریڈی ایشن ایمرجنسی کوآرڈینیشن سینٹر کا بھی افتتاح کیا۔ پاکستان کے پاس سول نیوکلیئر پاور پلانٹس کے محفوظ آپریشنز کا پانچ دہائیوں کا تجربہ ہے جو آئی اے ای اے کے رائج کردہ معیارات اور رہنما اصولوں کے مطابق ہیں۔

آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل نے چشمہ نیوکلیئر پاور جنریٹنگ سٹیشن، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، نیوکلیئر انسٹی ٹیوٹ فار ایگریکلچر اینڈ بائیولوجی، پاکستان سینٹر آف ایکسی لینس آن نیوکلیئر سکیورٹی، نیوکلیئر میڈیسن، آنکولوجی اینڈ ریڈیو تھراپی انسٹی ٹیوٹ اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سیفٹی اینڈ سکیورٹی کا بھی دورہ کیا اور صحت عامہ، صنعت، زراعت، خوراک کی حفاظت، بجلی کی پیداوار کے شعبے میں جوہری ٹیکنالوجی کے محفوظ استعمال کا مشاہدہ کیا۔

ڈائریکٹر جنرل گروسی نے نوری اور سی این پی جی ایس میں بالترتیب سائبر نائف اور فیول ڈرائی سٹوریج کی سہولیات کا افتتاح کیا۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ پاکستان ‘امید کی کرن’ اقدام کے تحت کینسر کے علاج کے لیے آئی اے ای اے کے علاقائی مرکز کے طور پر خدمات انجام دے گا۔ نیوکلیئر انسٹی ٹیوٹ فار ایگریکلچر اینڈ بائیولوجی کے دورے کے دوران، نے ZODIAC لیب کا افتتاح کیا اور انسٹی ٹیوٹ کو زراعت اور بائیو ٹیکنالوجی میں آئی اے ای اے کے تعاون کے مرکز کے طور پر نامزد کیا۔ پاکستان سینٹر آف ایکسی لینس آن نیوکلیئر سیکیورٹی اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سیفٹی اینڈ سکیورٹی کا دورہ کرتے ہوئے، ڈائریکٹر جنرل آئی اے ای اے نے جوہری تحفظ اور سلامتی سے متعلق ان مراکز کے اعلیٰ معیارات کی تعریف کی۔

یہ مراکز آئی اے ای اے کے زیراہتمام بین الاقوامی تربیت دے رہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل گروسی نے اسلام آباد میں “کلائمیٹ چینج مِٹیگیشن اینڈ دی رول آف نیوکلیئر انرجی” کے موضوع پر ایک سیمینار میں کلیدی خطاب بھی کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کا مقابلہ کرنے میں توانائی کے صاف ذریعہ کے طور پر جوہری توانائی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اس دورے کا اختتام وزارت خارجہ میں سیکرٹری خارجہ کی طرف سے ڈائریکٹر جنرل گروسی کے اعزاز میں عشائیہ کے ساتھ ہوا۔ ترجمان کے مطابق پاکستان 1957 سے آئی اے ای اے کا بانی رکن ہونے کے ناطے عالمی ایجنسی کے ساتھ بامعنی اور باہمی طور پر فائدہ مند تعلقات رکھتا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں
اگرعوام کو پی ایس ایل کا ترانہ اچھا نہیں لگا تو بھائی حاضر ہے:علی ظفر
ڈی آئی خان:کوئٹہ سے پشاور جانے والی مسافر بس کو حادثہ۔،2 خواتین جاں بحق،25 افراد زخمی
دوسری درخواست ضمانت، عمران خان کو عدالت نے پیر کو طلب کرلیا
ترکیہ کے صدر اردوان اور وزیراعظم شہبازشریف کے درمیان ملاقات
کراچی کنگز کو ہوم گراؤنڈ پر مسلسل دوسری شکست، اسلام آباد 4 وکٹوں سے کامیاب
آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کے رکن کے طور پر، پاکستان ایجنسی کی فیصلہ سازی کے عمل میں بھی اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔ اس طرح کے دورے پاکستان،آئی اے ای اے کے باہمی تعلق کی ایک باقاعدہ خصوصیت ہیں۔ آئی اے ای اے کے سابق ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو نے اپنے دور میں دو بار پاکستان کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی کا دورہ کوویڈ-19 کی وبا کی وجہ سے زیر التوا تھا۔

Leave a reply