غیرآئینی مطالبات سے ریاست کمزور ہوتی لیکن پاکستان کا تحفظ یقینی بنائیں گے. میاں جاوید لطیف

0
34

جب غیرآئینی مطالبات کئے جاتے ہیں تو ریاست کمزور ہوتی ہے، ہر حال میں پاکستان کا تحفظ یقینی بنائیں گے، میاں جاوید لطیف

وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ جب غیرآئینی مطالبات کئے جاتے ہیں تو ریاست کمزور ہوتی ہے، حکومت اتنی کمزور نہیں ہے ، ہم ہر حال میں پاکستان کا تحفظ یقینی بنائیں گے، ہم خود کوئی غیرآئینی کام برداشت کریں گے نہ کسی کو کوئی غیرآئینی کام کرنے دیں گے، عمران خان کے جو سہولت کارباقی ہیں انہیں بے نقاب کیا جائے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پندرہ پندرہ بیس بیس لوگوں کے ساتھ شاہراہیں اور سڑکیں بند کررہے ہیں ، یہ کس کےلئے کررہے ہیں اورکیوں کررہے ہیں اور الیکشن کے مطالبے سے پیچھے ہٹ کر اب کون سا مطالبہ منوانا چاہتے ہیں ۔ انہو ں نے جڑواں شہروں کو بندکرکے طویل احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اپنی مرضی کی تقرریاں کرانا چاہتے ہیں، اس طرح ریاست کیسے چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب غیر آئینی مطالبات کئے جاتے ہیں تو ریاست کمزور ہوتی ہے، نوجوان نسل کے ذہن میں زہر گھولا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ کچھ نام اور بھی ہیں جو وہ بتائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دلوں پر وہ نام لکھے ہیں جن کی وجہ سے منتخب حکومتیں گرائی گئیں مگر ہم نے قومی مفاد میں کوئی بات نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ یہ مومی مجسمہ اب پگھل رہا ہے۔ میاں جاوید لطیف نے کہا کہ غیرملکی میڈیا کو انٹرویو میں عمران خان نے خود اقرار جرم کرتے ہوئے کہا کہ اداروں میں بیٹھے ہوئے لوگ انہیں اطلاعات فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کے خلاف سازش کررہا ہے تو اکا دکا لوگ جو اسے سہولت کاری فراہم کررہے ہیں کیا وہ اتنے طاقت ور ہیں کہ انہیں کوئی نہیں روک سکتا۔عمران خان کہتا ہے کہ وہ بہت پاپولر ہے ،ہم اس حوالے سے اگرحقائق کا چوتھا حصہ بھی بتا دیں تو اسے جگہ نہیں ملے گی۔ہم نے سب کچھ برداشت کیا مگر ریڈ لائن کراس نہیں کی ۔

عمران خان نے نمازیوں اور شہدا کی قربانیوں سے کھیلا۔ انہوں نے کہا کہ 75 سال گزرنے کے بعد اب ہمیں اصل بیماری کی تشخیص کرکے اسے ایک طرف رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ بتایا جائے کہ وہ کون ہے جو عمران خان کے خلاف سازش کررہا ہے۔ میاں جاوید لطیف نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم اگرصوبوں کو حقوق دیتی ہے تو اٹھارویں ترمیم کے ذریعےہم ملک کا تحفظ بھی کرسکتےہیں، ریاست اور حکومت اتنی کمزور نہیں ہے،ہم ہر حال میں پاکستان کا تحفظ یقینی بنائیں گے، ہم ملک کو مزید مذاق بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کے جو سہولت کار ہیں انہیں بھی بے نقاب کیا جائے، ہم خود کوئی غیرآئینی کام برداشت کریں گے نہ کسی کو کوئی غیرآئینی کام کرنے دیں گے۔

Leave a reply