گھوٹکی: اینٹوں کے بھٹوں کا زہریلا دھواں، شہریوں کی صحت کو خطرہ

میرپورماتھیلو (باغی ٹی وی ،نامہ نگارمشتاق لغاری) گھوٹکی اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں میں فضائی آلودگی کی سنگین صورتحال نے شہریوں کی زندگیوں کو متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔ میرانی بائی پاس اور عادل پور روڈ کے علاقوں میں موجود اینٹوں کے بھٹوں سے نکلنے والا زہریلا دھواں ماحول کو آلودہ کر رہا ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو سانس، دل اور پھیپھڑوں کی بیماریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ زہریلے دھویں کی وجہ سے وہ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں اور بچوں اور بزرگوں کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اس مسئلے کے حل کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے ہیں۔ رحمت پٹھان، غلام رسول کلوڑ، اور دیگر مقامی قوموں کے بھٹوں پر بغیر کسی حفاظتی اقدامات (SOP) کے کام جاری ہے۔

شہریوں نے اس سنگین صورتحال پر اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ وہ سیشن جج گھوٹکی، ڈپٹی کمشنر گھوٹکی، ایس ایس پی گھوٹکی، اسسٹنٹ کمشنر گھوٹکی، مختیارکار گھوٹکی، اور دیگر افسران سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ ان بھٹوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں اور عوام کو انصاف فراہم کریں۔

Comments are closed.