تحریک انصاف جلسہ کی تیاریاں اور انتظامات مکمل

0
42

رات گئے ہوئی پیش رفت میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے انتظامات کا معائنہ کرنے کے لیے پنڈال کا دورہ کیا اور جس میں جلسے کی اکثر تیاریاں مکمل ہوچکی تھی

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹریٹ کے صدر علی نواز اعوان کو آگاہ کیا تھا کہ جی ایچ کیو نے پریڈ گراؤنڈ استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

ڈان کے مطابق:ڈپٹی کمشنر نے پی ٹی آئی کو پریڈ گراؤنڈ میں عوامی اجتماع کے انعقاد کے لیے تصدیق نامہ عدم اعتراض (این او سی) جاری کیا تھا لیکن اسے جی ایچ کیو کی اجازت سے منسلک کردیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے علی نواز اعوان کو جاری کردہ خط میں کہا گیا کہ این او سی میں مذکور شق xlii کے حوالے سے آپ کو مطلع کیا جاتا ہے کہ متعلقہ حلقوں کی جانب سے پنڈال یعنی پریڈ گراؤنڈ، اسلام آباد کو استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

اسلام آباد انتظامیہ کے عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ پی ٹی آئی کے عوامی اجتماع کے حوالے سے متعلقہ حلقوں سے رابطہ کیا گیا تھا، پریڈ گراؤنڈ کا قبضہ فوج کے پاس ہے اور اسے کسی اور مقصد کے لیے استعمال کرنے کے لیے جی ایچ کیو کی اجازت لینا ضروری تھا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ اس نے ریڈ زون اور اس کے آس پاس پولیس کی ایک پوری طرح سے لیس دستہ تعینات کیا ہے اور امن و امان کی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کو 10 ہزار سے زائد آنسو گیس کے گولے بھی فراہم کیے گئے ہیں۔

ڈان نے اپنی رپورٹ میں وضاحت کرتے ہوئے لکھا: این او سی اس شرط پر دیا گیا کہ عوامی اجتماع اسلام آباد اور اس سے ملحقہ علاقوں کے شہریوں کے بنیادی حقوق میں رکاوٹ یا خلل نہیں ڈالے گا اور نہ ہی اسلام آباد ایکسپریس وے یا کسی اور سڑک کو بلاک کرے گا، مزید یہ کہ جلسہ آدھی رات کو ختم ہوجانا چاہیے۔

این او سی کے مطابق منتظمین اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ تقریب کے اختتام کے بعد شرکا منتشر ہو جائیں، کسی بھی شریک کی جانب سے مہلک یا غیر مہلک طاقت کی کوئی چیز، بشمول لاٹھی وغیرہ نہیں چلائی جائے گی اور نہ ہی شرکا تشدد یا جھڑپوں میں ملوث ہوں گے۔

مزید برآں تصادم/تشدد کے ایسے کسی بھی واقعے کی صورت میں منتظمین ذمہ دار ہوں گے۔

این او سی کے مطابق جلسے کی اجازت صرف 2 جولائی کے لیے قابل عمل ہوگی، ساتھ ہی اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ ریڈ زون کے ایک کلومیٹر کے دائرے میں افراد کے اجتماع پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، منتظمین اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کوئی بھی شریک وہاں داخل نہ ہو۔

پی ٹی آئی رہنماء اسد عمر کہتے ہیں کہ: ان کی پوری کوشش تھی کے اجازت میں 4 دن تاخیر کر کے جلسہ خراب کیا جائے. لیکن کل شام 3 بجے جلسہ گاہ ملنے کے بعد ٹیم نے ساری رات کام کر کے جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی . انشاءاللہ آج ایک بار پھر دنیا دیکھے گی کے قوم عمران خان کے ساتھ امپورٹڈ حکومت کے خلاف کھڑی ہے.


راولپنڈی پولیس نے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی، شرپسند عناصر کو قابو کرنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔
ایس ایس پی آپریشنز وسیم ریاض کوسپروائزری آفیسر مقرر کردیا گیا
مری روڈ سے اسلام آباد تک رابطہ سڑکیں بند رہیں گی جبکہ مری روڈ پر چلنے والی عام ٹریفک کو متبادل راستے فراہم کیے جائیں گے۔

Leave a reply