اوچ شریف: گیلانی محلہ گندگی کے ڈھیروں میں تبدیل، شہری شدید اذیت کا شکار

اوچ شریف ،باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان): گیلانی محلہ اوچ شریف میں گندگی کے ڈھیروں اور صفائی کی ناقص صورتحال کے باعث علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گنجان آباد علاقہ فلتھ ڈپو کا منظر پیش کر رہا ہے، جس سے ملیریا، ڈینگی اور دیگر وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

گیلانی محلہ، جو دربار محبوب سبحانی روڈ سے لنک پرانا صدر جانے کے لیے اہم راستہ ہے، گندگی کے ڈھیروں اور کچرے کے باعث بدبو اور تعفن سے بھر گیا ہے۔ خواتین اور طلبہ و طالبات کو اس گندگی کے باعث روزمرہ کی آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

علاقہ مکینوں نے صحافیوں کو بتایا کہ قبرستان والی گلی میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر پڑے ہیں، اور نالیوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے ماحول بدبودار اور تعفن زدہ ہو چکا ہے۔ مکین راتوں کو مچھروں کی بھرمار کی وجہ سے جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں، اور ملیریا، ڈینگی، جلدی الرجی اور دیگر امراض کے خطرات بڑھتے جا رہے ہیں۔

شہریوں نے پنجاب حکومت کی ناقص کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صفائی کے دعوے محض کاغذی لگتے ہیں، اور اوچ شریف کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔

گیلانی محلہ کے مکینوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے فوری نوٹس لینے اور گندگی کے ڈھیروں کو صاف کرنے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ علاقے کو صاف ستھرا اور رہنے کے قابل بنایا جا سکے۔

Comments are closed.