گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گورنر ہاؤس میں سندھ انڈسٹریل رابطہ کمیٹی (ایس آئی ایل سی ) کے اجلاس کی صدارت کی۔ ایف پی سی سی آئی کے نمائندوں اور کراچی میں صنعتی علاقوں کی مختلف انجمنوں کے صدور نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں ایم ڈی ، سوئی سائوتھرن گیس کمپنی لمیٹڈ اور کے الیکٹرک کے مختلف محکموں کے ذمہ داران نے بھی شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ صنعتیں ملک کے استحکام میں نمایاں کردار ادا کرتی ہیں اور صنعتوں کی ترقی و خوشحالی سے بے روزگاری میں کمی ہوگی۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ صنعتی ترقی وزیر اعظم عمران خان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور حکومت اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اجلاس میں انڈسٹریل ایریا میں انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ اور بلا تعطل پانی کی فراہمی کے ضمن میں موثر اقدامات کے علاوہ ، بجلی اور گیس کی صورتحال اور بالخصوص کیپٹیو پاور پلانٹس کے حوالہ سے درپیش مسائل کے ساتھ ان کے سدباب پر تبادلہ خیال ہوا۔

گورنر ہاؤس میں سندھ انڈسٹریل رابطہ کمیٹی کا اجلاس
Shares:






