سرکاری میڈیکل ٹیچنگ اسپتالوں کی نجکاری کی اور نہ کریں گے ، یاسمین راشد
لاہور:پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کے حوالے سے تازہ صورت حال سامنے آگئی صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے پنجاب کے سرکاری میڈیکل ٹیچنگ اسپتالوں کی نجکاری کی خبر کی سختی سے تردید کی ہے۔اطلاعات کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایم ٹی آئی ایکٹ کے تحت پنجاب کے کسی بھی میڈیکل ٹیچنگ اسپتال کی نجکاری کی گئی ہے اور نہ ہی کی جائے گی۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ایم ٹی آئی ایکٹ سے اسپتالوں کو صرف با اختیار بنا کر مریضوں کیلئے مزید آسانیاں پیدا کی گئی ہیں۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ایم ٹی آئی ایکٹ کے نام پرعوام کو گمراہ کرنے کی سیاست سے گریز کرنا چاہئیے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی شرپسند عناصر کو ایم ٹی آئی کے نام پر سرکاری ہسپتالوں میں غریب عوام کے علاج معالجہ میں رکاوٹ نہیں بننے دینگے۔ان کا کہنا ہے کہ ایم ٹی آئی ایکٹ کی مدد سے سرکاری اسپتالوں میں انتظامیہ کو مزید مضبوط کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹریاسمین راشد کا کہنا ہے کہ سابقہ بدعنوان حکومتوں نے سرکاری اسپتالوں کو اپنا سیاسی بھیٹک بنایا ہوا تھا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے،انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے سرکاری اسپتالوں کے بر باد شدہ ماحول کو بہتر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ایم ٹی آئی ایکٹ کے نفاذ سے کسی بھی سرکاری ملازم یا افسر کی نوکری کو خطرہ لاحق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر حضرات کو ایم ٹی آئی ایکٹ کے تحت اسپتال کے اندر ہی پریکٹس جاری رکھنے کی سہولت دی گئی ہے۔