پی ایچ اے نے گریٹر اقبال پارک میں سیکورٹی اہلکاروں پر تشدد ‘ کارسرکار میں مداخلت کرنے اور بغیر اجازت سامان و جنریٹرپارک میں لانے کے خلاف درخواستیں تھانہ لاری اڈہ میں جمع کروا دیں

مینار پاکستان نہ صرف لاہور بلکہ پاکستان کی شان ہے جس کی حفاظت ہر شہری کی ذمہ داری ہے، پی ایچ اے اپنے نقصان کی ایک ایک پائی کا حساب لے گی،وائس چیئرمین پی ایچ اے حافظ ذیشان ر شید کی اے پی پی سے خصوصی گفتگو

لاہور،پی ایچ اے نے گریٹر اقبال پارک میں سیکورٹی اہلکاروں پر تشدد ‘ کارسرکار میں مداخلت کرنے اور بغیر اجازت سامان و جنریٹرپارک میں لانے کے خلاف درخواستیں تھانہ لاری اڈہ میں جمع کروا دیں۔درخواستیں پی ایچ اے سیکورٹی سپروائزرسید ذیشان حیدر ‘رفاقت حسین اور محمد یوسف کی جانب سے جمع کروائی گئی ہیں ۔ جمع کروائی جانے والی درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آج صبح 9بجے مسلم لیگ ن کے 20سے 25کارکن گیٹ نمبر 5پر آئے ا ور نعرہ بازی و سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے گیٹ کے تالے کو توڑا جبکہ سیکورٹی اہکار کو دھکے دیئے اور پارک میں داخل ہو گئے ۔

دوسری درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ گزشتہ رات ساڑھے دس بجے کہ مختلف ٹرک ‘پیک اپ ‘ شہ زوراور چنگ چی رکشے جو سامان سے لوڈ تھے جن میں گرسیاں وغیرہ تھیں ان کو زبردستی تالے توڑے کر گیریٹر اقبال پارک میں داخل کیا جبکہ ساتھ آنے والے کارکنوں میں ڈنڈے بھی تھے جس کی اطلاع 15پر بھی دی گئی ہے ۔ تیسری درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کے کارکنان جو مینار پاکستان کے جنگلا کے باہر پریس کانفرنس کر رہے تھے کہ وہاں پر موجود کارکنان نے نعرے بازی شروع کر دی اور مشتعل ہو کر گیٹ کے تالا کو توڑا اور اندر گھس گئے جن کے ہاتھوں میں ڈنڈے سوٹے بھی تھے ۔ مذکورہ درخواستیں کارروائی کیلئے تھانہ لاری اڈہ میں جمع کروا دی ہیں۔

اس موقع پر وائس چیئرمین پی ایچ اے حافظ ذیشان ر شید نے کہا ہے کہ لاکھوں روپے خرچ کر کے مہینوں کی محنت کے بعد تیار ہونے والے پودوں اور پھولوں کو اپوزیشن کے جلسے کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے‘ گریٹر اقبال پارک اور مینار پاکستان نہ صرف لاہور بلکہ پاکستان کی شان ہے جس کی حفاظت ہر شہری کی ذمہ داری ہے لیکن جن شر پسند عناصر نے سیکورٹی دروازے توڑ کر قانون کوہاتھ میں لیا ہے ان کے خلاف تھانہ لاری اڈہ میں درخواستیں جمع کروا دی ہیں ۔ حافظ ذیشان رشید نے کہا کہ قومی املاک کے ساتھ سیاست کرنا ملک کے ساتھ زیادتی اور دہشتگردی کے مترادف ہے، قومی املاک کو نقصان پہنچانا کہاں کا انصاف ہے ۔ پوری دنیا اس وقت کرونا جیسی خطرناک بیماری کا مقابلہ کر رہی ہے اور اس کے بچاﺅ کیلئے اقدامات کر رہی ہے جبکہ ناعاقبت اندیشن پی ڈی ایم والے حکومتی رٹ کو چیلنج کر کے بیماری پھیلانے کا باعث بن رہے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ گریٹر اقبال پارک کے تالے توڑنے ‘ سیکورٹی اہلکاروں پر تشدد کرنے اور کرسیوں کے ٹرک زبردستی پارک میں لانے پر تھانہ لاری اڈہ میں درخواستیں جمع کروا دی ہیں تاکہ ان ملک دشمن عناصر کےخلاف کارروائی کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایچ اے اپنے ہونے والے نقصان کے ازالہ کیلئے ایک ایک پائی کا حساب لے گی اور ان عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

Shares: