76 واں یوم آزادی،مزار قائد اورعلامہ اقبال پرگارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

ملک بھر میں آج 76 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے
0
38
Azadi 76

ملک بھر میں آج 76 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے ،کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار علامہ اقبال پرگارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی۔

باغی ٹی وی: دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی اس کے علاوہ نماز فجر میں ملکی ترقی،یکجہتی،امن اور خوشحالی کےلیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں،لاہور میں محفوظ شہید گیریژن میں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی، تقریب میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے نعرہ تکبیر بلند کیاپاک فوج کے جوانوں کے اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔

بعد ازاں لاہور میں علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فوج کےچاق و چوبند دستے نے شاعر مشرق کو سلامی پیش کی مزار علامہ اقبال پر پاک فوج کے دستے نے رینجرز کی جگہ گارڈز کے اعزازی فرائض سنبھال لیے ہیں میجرجنرل قیصرسلیمان، گیریژن کمانڈر لاہور نے مزاراقبال پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی کی-

دوسری جانب پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر کراچی میں مزار قائد پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہ ہوئی، پا کستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنھبالے، کمانڈنٹ نیول اکیڈمی کموڈور محمد خالد تقریب کے مہمان خصوصی تھے تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور محمد خالد تھے، انہوں نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی کی۔

پشاورمیں بھی جشن آزادی آج پرجوش طریقے سے منایا جارہا ہے، دن کا آغاز اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ دن بھر مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

پاکستان کے یوم آزادی پر،مسلح افواج کے سربراہان، صدرمملکت اور وزیراعظم نے قوم کے نام پیغامات جاری کیے، صدرعارف علوی نے کہا کہ بانیان پاکستان اور کارکنان تحریک ِپاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ہمیں قیام پاکستان کیلئے اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کی قدر کرنی چاہیے، ہمیں عوام کی خوشحالی کیلئے کام کرنا چاہیے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے قائداعظم کی قیادت میں پاکستان حاصل کرنیوالوں کوخراج عقیدت پیش کیا،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اس قیمتی تحفے کے لیے ہم ان عظیم رہنماؤں کے ہمیشہ احسان مند رہیں گے۔ پاکستان کا تصور عظیم تھا قائد اعظم نے ثابت کیا کہ مسلمان ہر لحاظ سے ایک الگ قوم ہیں، ہمیں اتحاد اور خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کی جانب سے بھی قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دی گئی ہےپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آج کا دن ہمیں ہمارے اسلاف کی ان گنت قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، دھرتی کے ہزاروں بیٹوں نے مادر وطن کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا سب عہد کریں کہ قومی اتحاد کو برقرار رکھ کر دشمن قوتوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے مسلح افواج عوام کی حمایت سے وطن عزیز کی سالمیت اور امن کا دفاع کرتی رہیں گی ، مسلح افواج پاکستانی عوام کی امنگوں کے مطابق قوم کی خدمت جاری رکھیں گی۔

اس سے قبل پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ قوم اور فوج میں دراڑ ڈالنے کی مذموم کوششیں ناکام ہوں گی اہم اور کٹھن دور سے گزر رہے ہیں افواج پاکستان اور عوام ایک ہیں۔خوف اور مایوسی پھیلانے والوں کا منفی پروپیگنڈا مسترد کرنا ہوگا اپنی عظیم قوم کو امید کا پیغام دیتا ہوں، ملکی خود مختاری اور سالمیت کی خاطر ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، افواج پاکستان اور عوام ایک تھے ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔

Leave a reply