پنجاب حکومت نے گریٹر اقبال پارک میں جلسوں پر مکمل پابندی لگانے کا اعلان کردیا۔

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے جلسوں پر مکمل پابندی لگانے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ تاریخی پارک کو جلسوں کے لیے استعمال کرنا کسی طور مناسب نہیں ہے۔
مزید برآں یہ کہ خالی جگہوں پر درخت پودے اور گھاس لگانے کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔
یہاں خیال رہے کہ پاکستان ‏تحریک انصاف کے مینار پاکستان جلسے میں پی ایچ اے کا 55 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔
مینار پاکستان کے گرد لگے جنگلے توڑ کر مرکزی سٹیج بنایا گیا، تحریک انصاف کی قیادت نے رقم کی ادائیگی کی یقین دہانی کرائی تھی جو 4 دن بعد بھی پی ایچ اے کو تاحال ادا نہیں کی گئی ہے۔

دوسری جانب، صوبائی حکومت نے گریٹر اقبال پارک میں داخلہ فیس لگانے کی تجویز بھی مسترد کر دی، حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ یہ غریب آدمی کا پارک ہے کسی صورت داخلہ فیس عائد نہیں کروں گا ان کا کہنا تھا کہ اس تجویز پر غور کرنا تو دور کی بات اس اجلاس میں پیش کرنا بھی مناسب نہیں۔
وزیراعلیٰ نے سابقہ دور میں پودوں کا بیج بروقت نہ خریدنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بروقت بیج نہ خریدنے کے حوالے سے انکوائری کا حکم دیا اور ہدایات دیں کہ خالی مقامات پر درخت پودے اور گھاس لگانے کا کام فوری طور پر مکمل کیا جاۓ

Shares: