حکومت نے ضمنی انتخابات میں عمران خان کی جانب سے 9 حلقوں سے الیکشن لڑنے کے اعلان پر اعتراضات دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں کے بعد خالی ہونے والی 9 نشستوں پر 25 ستمبر 2022 کو ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کر رکھا ہے، جب کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ان تمام 9 حلقوں میں خود الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب حکومت نے عمران خان کے اس فیصلے کے خلاف اعتراضات دائرکرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اور اس حوالے سے مسلم لیگ ن اور حکومتی اتحادیوں کے قانونی مشیروں نے کام مکمل کرلیا ہے۔ حکومت کی جانب سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر الیکشن کمیشن میں حکومتی امیدواراعتراض اٹھائیں گے، یہ اعتراضات 17 سے 20 اگست کے درمیان الیکشن کمیشن میں دائر ہوں گے۔

حکومتی امیدواروں کی جانب سے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ، اثاثے چھپانے اور صادق و امین نہ ہونے کا بھی اعتراض کیا جائے گا، جب کہ اعتراضات کے ساتھ ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ بھی منسلک کیا جائے گا۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 لیاری میں ضمنی انتخاب

پیپلزپارٹی کے امیدوار نبیل گبول کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے ہیں جبکہ نبیل گبول نے عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض جمع کرواتے ہوئے اپنی درخواست میں کہا کہ عمران خان کا نام فارن فنڈنگ کیس میں آیا ہے لہذا عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض ہے.

قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی الیکشن کا شیڈول

الیکشن کمیشن کی جانب سے 5 اگست کو تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں کی منظوری کے بعد خالی ہونے والے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ان حلقوں کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 10 سے 13 اگست تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات کی جانچ پڑتال 17 اگست کو کی جائے گی، اور ضمنی انتخاب کےلیے پولنگ 25 ستمبر کو ہوگی۔
الیکشن کی جانب سے جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق ضمنی انتخابات قومی اسمبلی کے حلقہ 22 مردان، حلقہ 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 45 کرم، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 237 ملیر کراچی، این اے 239 کورنگی اور این اے 246 کراچی ساؤتھ میں ہوں گے۔ یہ نشستیں تحریک انصاف کےارکان کےاستعفوں کے باعث خالی ہوئی تھیں۔

عمران خان کا 9 حلقوں میں خود الیکشن لڑنے کا اعلان

5 اگست کو ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری ہونے کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ضمنی الیکشن میں قومی اسمبلی کے تمام 9 حلقوں سے خود الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔ سینئر صحافیوں سے ملاقات میں عمران خان کا کہنا تھا کہ مخالفین کیلئے میدان خالی نہیں چھوڑوں گا۔ مخالفین مجھے سنگل آؤٹ کرنا چاہتے ہیں مگر میں ہر میدان میں اُن کا مقابلہ کروں گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عام انتخابات اسی سال ہوں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اُن سے دو بڑی غلطیاں ہوئی ہیں۔ سکندر سلطان راجہ کا بطور چیف الیکشن کمشنر تقرر میرا بلنڈر تھا۔ بولے دوسری بڑی غلطی کیا تھی یہ ابھی نہیں بتا سکتا۔

Shares: