اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ 25 مئی کو اسلام آباد کی جانب مارچ سے قبل ہی حکومت نے پی ٹی آئی قائدین اور ورکرز سمیت 700 لوگوں کو گرفتار کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔

باغی ٹی وی : میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےفواد چوہدری نے کہا کہ ہم گرفتاریوں کیلئے تیار ہیں، مارچ ہر صورت ہو گا، لاٹھی اور گولی سے معاملہ نہیں رکے گا، حکومت کو عقل کے ناخن لینے چاہئیں حکومت نے چناب، جہلم اور اٹک کا پل بند کرنے کا بھی منصوبہ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا اور پنجاب سے شہری اسلام آباد پہنچیں گے، کراچی، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر اور لاڑکانہ کو بھی اسلام آباد بنائیں گے، ملک کا سیاسی بحران حل ہوا تو ہی معاشی بحران حل ہو گا۔

فواد چوہدری نےکہاکہ عوام کوسہولیات کےبجائے وزیراعظم ہاؤس میں جیم اورسوئمنگ پول بنائے جارہے ہیں، اس وقت ملک کا وزیراعظم ضمانت کے اوپر ہے، سب سے بڑے صوبے کا وزیر اعلی ضمانت کے اوپر ہے

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو حکومت کی وجہ سے ہزیمت کا سامنا ہے، ہندوستان روس کے ساتھ ڈیل کردی، یہی ڈیل ہمیں نہیں کرنے دی اور ہماری حکومت فارغ کردی گئی، یہ کچھ بھی ہوسکتا ہے آزادی نہیں ہوسکتی، سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم اپنی آزادی واپس حاصل کرلیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عوام کو اختیار دیا جائے کہ وہ اپنا فیصلہ خود کریں، اگر ہم آزادی مارچ نہ کرتے تو ہمیں خدشہ ہے کہ ہماری آزادی ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے گی، وزیر داخلہ پر درجنوں مقدمات درج ہیں۔

Shares: