اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے قبائل کے ترقیاتی فنڈز میں کمی کر دی ہے۔

باغی ٹی وی : سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ قبائل کی خصوصی ضروریات کے پیش نظر ہماری حکومت نے قبائل کی فنڈنگ 3 گنا کر کے 131 ارب روپے کر دی تھی۔


سابق وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے قبائل کے لیے صرف 110 ارب روپے کا بجٹ رکھا ہے اور قبائل کے ترقیاتی فنڈز میں کمی کر دی ہے –

پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے کہا کہ بےگھرآبادی کیلئےایک پائی مختص کی نہ ہی موجودہ بجٹ میں ایک روپےکااضافہ کیا اس سے مجرموں کی سرکاری نااہلی اور بدنیتی عیاں ہے۔

قبل ازیں بنی گالہ میں اینکر پرسنز اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا تھا کہ لگتا ہے طاقتور حلقے جاری سیاسی و معاشی بحران سے پریشان ہو چکے ہیں۔ بجٹ کے بعد حکومت ایک ڈیڑھ ماہ میں رخصت ہو جائے گی ملک کے موجودہ حالات کا سامنا کرنے کے لیے مضبوط قیادت کی ضرورت ہے، مضبوط قیادت شفاف الیکشن کے ذریعے ہی سامنے آ سکتی ہے، چیری بلاسم اینڈ کمپنی الیکشن کمیشن میں اپنے بندے بٹھا کر دھاندلی کرنا چاہتی ہے۔ موجودہ بجٹ کو آئی ایم ایف کسی صورت نہیں مانے گا، اس وقت پاکستان کو آئی ایم ایف اور دیگر ممالک امداد نہیں کر رہے، عالمی اداروں کو بھی موجودہ حکومت کی نا اہلی کا یقین ہے۔ آئی ایم ایف اور دیگر ممالک کو یقین ہے عوا م اس حکومت کے ساتھ نہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ عدالتی فیصلے کا انتظار ہے، کوئی بھی یہ نہ سمجھے کہ لانگ مارچ ختم ہو گیا ہے، آنے والے دنوں میں اسلام اباد کارُخ کروں گا، ہم نے بڑی تعدد میں عوام کو سڑکوں پر نکال کر دکھایا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ساتھ ساتھ دیگر بھی اہم تعیناتی کی جا رہی ہیں، پنجاب پولیس میں بھی بڑے پیمانے پر تبادلے ہو رہے ہیں۔ اہم تعیناتیوں، تقرر و تبادلوں کا واحد مقصد الیکشن چوری کی تیاری ہے، ہمیں معاملات کا اندازہ ہے اور مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں

Shares: