شوبز سے عارضی طور پر کنارہ کشی اختیار کرنے والے معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ مداحوں کو ایک سال بعد پھر اسکرین پر نظر آئیں گے۔
باغی ٹی وی : پیارے افضل سے مقبولیت حاصل کرنے والے اداکار حمزہ علی عباسی نے ایک برس قبل شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرکے اپنا وقت دین کی تبلیغ و ترویج میں وقف کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس کے بعد ان کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے دہریت سے اسلام تک کے اپنے سفر کو بیان کیا تھا۔
حمزہ علی عباسی ایکسپریس انٹرٹینمنٹ پر احمد علی بٹ اور آن لائن تفریحی پروگرام کی پہلی قسط میں ’ کسوٹی آن لائن‘ میں گوہر رشید کے ہمراہ مہمان بنے جس میں انہوں نے انکشاف کیا کہ ایک سال کے وقفے کے بعد وہ دوبارہ اسکرین پر نظر آئیں گے۔
حمزہ علی عباسی نے احمد علی بٹ کے سوال کے جواب میں بتایا کہ انہوں نے اداکاری نہیں چھوڑی ہاں ایک سال کا وقفہ لیا ہے اور اس سلسلے میں وہ دو پروجیکٹس پر کام بھی کر رہے ہیں اور ایک سال بعد سکرین پر نظر آئیں گے-
واضح رہے کہ اداکار ہمایوں سعید نے گزشتہ برس دسمبر میں انکشاف کیا تھا کہ حمزہ علی عباسی نے اسکالر بننے کے لیے شوبز کی دنیا کو خیرباد کہا ہے کہ جس کے بعد وہ دوبارہ آئیں گے لیکن ان کے کام کی نوعیت حب الوطنی اور روحانیت پر مشتمل ہوگی۔
یاد رہے کہ حمزہ علی عباسی کی شادی گزشتہ برس اداکارہ نیمل بخاری سے ہوئی تھی اور دونوں کا ایک خوبصورت بیٹا بھی ہے۔ شادی کے بعد جہاں حمزہ علی عباسی نے اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کی تھی وہیں نیمل بخاری نے شوبز کو خیر باد کہہ یا تھا-