حساس ادارے نے مانسہرہ میں آپریشن کرکے کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر مراد علی عرف شینا کو گرفتار کر لیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر مراد علی عرف شینا آپریشن ردالفساد کے دوران بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔ ملزم بعد ازاں واپس لوٹ آیا۔انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ملزم کو مانسہرہ سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم کالعدم جماعت الاحرار کا کمانڈر تھا۔ اس کے قبضے سے اہم دستاویزات بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔

دوسری جانب جنوبی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کرنے والے 4 امن دشمنوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔ دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے 4 جوان مادر وطن پر قربان ہو گئے۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، جس کا فوری جواب دیتے ہوئے سیکورٹی فورسز نے چار امن دشمنوں کو ہلاک کر دیا، جب کہ دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے چار جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں لانس نائیک عمران علی، سپاہی عاطف جہانگیر، سپاہی انیس الرحمان اور سپاہی عزیز شامل ہیں، سیکورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

ایبٹ اباد سے سردار الطاف

Shares: