کراچی بندرگاہ متحدہ عرب امارات کو ٹھیکہ پر دینے کے عمل کو حتمی شکل دینے کے لیے مذاکراتی کمیٹی بنا دی گئی ہے
پاکستان نے اپنے دوست ملک عرب امارات کو کراچی کی بندرگاہ حوالے کرنے کے حوالے سے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لئے کمیٹی تشکیل دی ہے، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے بین الحکومتی تجارتی لین دین کا اجلاس ہوا۔ کابینہ کمیٹی نے کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) اور متحدہ عرب امارات کی حکومت کے درمیان تجارتی معاہدے پر بات چیت کے لیے ایک کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،مذاکراتی کمیٹی کو کراچی پورٹ ٹرمینلز کے حوالے کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کی ایک نامزد ایجنسی کے ساتھ حکومت سے حکومت کے انتظامات کے تحت آپریشن، دیکھ بھال، سرمایہ کاری اور ترقیاتی معاہدے کے مسودے کو حتمی شکل دینے کی بھی اجازت دی گئی ہے،
فریم ورک معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے قائم کی گئی مذاکراتی کمیٹی کی سربراہی وزیر برائے سمندری امور فیصل سبزواری کریں گے۔ کمیٹی کے ارکان میں خزانہ اور خارجہ امور کے ایڈیشنل سیکرٹریز، وزیراعظم کے معاون خصوصی جہانزیب خان، کراچی پورٹ ٹرمینل (کے پی ٹی) کے چیئرمین اور کے پی ٹی کے جنرل منیجرز شامل ہیں۔
پاکستان ابوظہبی پورٹس گروپ کے ذیلی ادارے ابوظہبی پورٹس (ADP) کو ٹرمینلز کے حوالے کرنے کے لیے ایک معاہدہ کرنا چاہتا ہے، متحدہ عرب امارات کی حکومت نے گزشتہ سال کراچی پورٹ ٹرمینلز کے حصول میں دلچسپی ظاہر کی تھی جو پاکستان انٹرنیشنل کنٹینرز ٹرمینلز (PICT) کے انتظامی کنٹرول میں تھے۔