شادی میں ہوائی فائرنگ سے دو سگے بھائی جاں بحق
لاہور : شادی کی تقریب میں ہونے والی ہوائی فائرنگ سے دو سگے بھائی جاں بحق ہوگئے-
باغی ٹی وی : آپریشنز ونگ کے مطابق لاہور کے تھانہ نصیر آباد کی حدود میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت ماجد اور جاوید کے ناموں سے ہوئی مقتول ماجد پولیس کے محکمہ اے وی ایل ایس میں بطور کانسٹیبل تعینات تھا دونوں بھائیوں کو فائرنگ کے بعد لاہور کے جنرل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گئے۔
واقعے کے بعد آئی جی پنجاب نے شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے دو بھائیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او فیاض احمد سے رپورٹ طلب کی۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے ملزمان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہوائی فائرنگ جیسے خونی کھیل آپ کی خوشیوں کو غم میں تبدیل کر دیتے ہیں، شہریوں سے گزارش ہے کہ ایسے قانون شکن عناصرکو اپنی خوشیوں کی تقریبات میں مدعو نہ کیا کریں انہوں نےاپیل کی کہ شہری اپنے اردگرد ہوائی فائرنگ جیسے واقعات دیکھیں تو فوری 15 پر پولیس کو اطلاع دیں۔
کراچی : شادی کی تقریب میں فائرنگ سے 11 سالہ بچی جاں بحق
اُدھر سی سی پی او نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ماڈل ٹاؤن سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔
ایس ایس پی ماڈل ٹاؤن نے بتایا کہ فائرنگ میں ملوث ملزم کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
قبل ازیں کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں شادی کی تقریب کے دوران ہونے والی فائرنگ سے 11 سالہ بچی مدیحہ جاں بحق ہوگئی تھی لواحقین کے مطابق مقتولہ مدیحہ تین بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھی، علاقے میں سیاسی جماعت کے علاقائی عہدیدار کے بھائی کی شادی کی تقریب تھی، مدیحہ گھر کی کھڑکی سے شادی کی تقریب دیکھ رہی اور کچھ افراد فائرنگ کر رہے تھے، اسی دوران ایک اندھی گولی بچی کے ماتھے پر لگی جو آر پار ہوگئی اور بچی کی موقع ہی موت واقع ہوگئی۔
بچے کی پیدائش کی خوشی میں ہوائی فائرنگ سے 12 سالہ لڑکی جاں بحق
قبل ازیں ملتان میں تھانہ کپ کے علاقے پیپل محلہ میں ساحل نامی شخص کے ہاں بیٹا پیدا ہوا جس کی خوشی میں گھر میں تقریب منعقد کی گئی پولیس کے مطابق تقریب میں ساحل کے دوست مرشد نے ہوائی فائرنگ کی جس کی زد میں پڑوسیوں کی 12 سالہ بچی سویرا آکر زخمی ہو گئی سویرا کو زخمی حالت میں نشتر اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں دم توڑ گئی فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔