ہیڈ کوارٹرزپاکستان رینجرز(سندھ) میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد
ہیڈ کوارٹرزپاکستان رینجرز(سندھ) میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت ڈی جی رینجر(سندھ) میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے کی۔
جس میں کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، جوائنٹ ڈی جی آئی بی، ڈی آئی جیز(ویسٹ، ایسٹ، ساؤتھ، اسپیشل برانچ، سی آئی اے اور ٹریفک)،پولیس، رینجرزاور حساس اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر کراچی میں NA-249کے ضمنی الیکشن کے دوران سیکیورٹی انتظامات،صوبے بھر میں مذہبی اجتماعات، عید الفطر اور کرونا کی موجودہ صورتحال اور دیگر سیکیورٹی انتظامات کا مکمل جائزہ لیا گیااور اس حوالے سے مربوط لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔اجلاس میں وہ تمام اقدامات زیر بحث آئے جن کے ذریعے COVID-19 کے حوالے سے حکومتی احکامات اور ہدایات پر عمل در آمدکو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں اس بات کا بھی اعادہ کیاگیا ہے کہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن سیکیورٹی اقدامات کئے جائیں گے۔ اس ضمن میں عوام الناس سے اپیل کی جاتی ہے کہ اپنی قومی اور اخلاقی ذمہ داری سمجھتے ہوئے کرونا کے پس منظر میں ایک دوسرے کا احساس کیجئے۔ رمضان تو خودایثار اور قربانی کا مہینہ ہے،اس کی عبادات اور ثواب بھی دوسروں کے حقوق کا پاس رکھ کر ہی موزوں ہیں۔ خاص کر طبی عملہ، پولیس اور ینجرز کے سڑکوں پر تعینات جوان اور دیہاڑی دار مزدور ہماری بداحتیاطی کا شکار نہ ہونے پائیں۔
کسی بھی شر پسند عناصر، مشکوک سرگرمی اور ناخوشگوار واقعہ کی فوری اطلاع تعینات رینجرز اہلکار، رینجرز ہیلپ لائن 1101پر، رینجرز مدد گار واٹس ایپ نمبر 03479001111پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔