جاپان میں شدیدبرفباری:مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد14ہوگئی
ٹوکیو: جاپان کے شمالی اور مغربی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی۔سردی کے اس طوفان کے متعلق جاپانی میڈیا کا کہنا ہےکہ جاپان میں برفباری سے ہونے والے حادثات میں 87 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
نیگاتا ریجن کے دیہی علاقوں میں 20 سینٹی میٹر سے ایک میٹر تک برف پڑ چکی ہے، خراب موسم کی وجہ سے علاقے میں بلیک آؤٹ ہے اور دو ہزار صارفین گذشتہ روز سے بجلی سے محروم ہیں۔حکام نے لوگوں کو پیر تک احتیاط برتنے اور گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔
خیال رہےکہ جاپان کے شمالی اور مغربی ساحلی علاقوں میں 17 دسمبر سے شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
امریکا کو کئی دہائیوں بعد موسم سرما کے بدترین طوفان کا سامنا ہے جس سے ریاست ہائے متحدہ امریکا کے بڑے حصے میں نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا میں برف باری کے باعث مختلف حادثات میں اموات کی تعداد 22 ہوگئی ہے جبکہ ملک بھر میں تقریباً ساڑھے 5 لاکھ افراد کو بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
نارتھ کیرولائنا اور دیگر ریاستوں کےکچھ شہروں میں بجلی کی طلب بڑھنے پر بلیک آؤٹ ہو چکا ہے، اس کے علاوہ امریکا کی مختلف ریاستوں میں 2800 پروازیں منسوخ اور 6600 سے زائد تاخیر کا شکار ہیں۔