زیادتی کے مجرموں کی جنسی صلاحیت ختم کرنے کا قانون منظور

باغی ٹی وی : آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی نے کم عمر بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والوں کو جنسی صلاحیت سے محروم کرنے کی سزا کا قانون منظور کیا ہے۔ اس بل میں جرم ثابت ہونے پر دیگر سخت سزائیں بھی رکھی گئیں ہیں۔

آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی نے یہ بل متفقہ طور پر بدھ کو منظور کیا تھا، جس پر انسانی حقوق کے کارکنان اور سول سوسائٹی نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب سیاسی جماعتیں اورحکومت اس قانون کا بھر پور دفاع کر رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جنسی زیادتی کے مرتکب مجرموں کو جنسی صلاحیت سے محروم کرنے کے صرف سرجن مجاز ہوں گے، اور اگر سرجن یہ سمجھتے ہیں کہ سرجری کی صورت میں مجرم کی جان جا سکتی ہے تو پھر کیمیائی طریقے سے مجرم کو اس صلاحیت سے محروم کیا جائے گا۔ یہ سزا کم عمر کے ساتھ زنا بالجبر یا غیر فطری عمل دونوں صورت میں دی جائے گی۔ جو اس جرم کے ارتکاب کی صرف کوشش کرے گا، اس کے لیے دس برس کی قید ہے اور مالی جرمانہ بھی ہے۔

Shares: