حکومت کی جانب سے ناجائز ٹیکسز کے خلاف جیولرز برادری متحد ہوگئی

تحفظ حقوق الصراف کااہم اجلاس چیئرمین فہیم الدین انصاری کے زیرصدارت صرافہ بازارکراچی میں منعقدہواجس میں بلین ہال کے چیئرمین قاسم شکارپوری ودیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔اجلاس میںفیصلہ کیاگیا کہ حکومت کی جانب سے جیولرزوزرگراوربلین برادری پر لگائے گئے ناجائز ٹیکس کے خلاف جیولرز وزرگراور بلین برادری کا اعلیٰ سطحی اجلاس 9جولائی کو لاہور میں ہوگا ۔
اجلاس سے ٹیلیفونک خطاب میں آل پاکستان جیمزاینڈجیولرز ایسوسی ایشن کے سربراہ الحاج ہارون رشید چاند،چیئرمین کے پی کے حاجی امین حسین بابر نے کہاکہ متفقہ فیصلے کے مطابق جمعے کو لاہور میں ہونے والے اجلاس میں ملک بھر سے جیولرز ، زرگران ، امپورٹرز ، ایکسپورٹرز ، بلینرزاور کاریگربڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔
حاجی امین حسین بابر نے اجلاس سے اپنے ٹیلی فونک خطاب میں کہا کہ ہمیں اس بات کا اعلان کرتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس ہورہی ہے کہ پاکستان بھر کے جیولرز،زرگران،امپورٹرز،ایکسپورٹرز،بلینرزاور کاریگرایک متفقہ پلیٹ فارم پر حاجی ہارون رشید چاند کی سربراہی میں متحد ہوگئے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ لاہور اجلاس میں حاجی ہارون رشید چاند کی سربراہی میں حکومت کی جانب سے جیولرز وبلینرز اور زرگر برادری پر لگائے گئے ناجائز ٹیکسوں پر مذاکرات بھی ہوں گے اور FATFکی جانب سے ٹیکسز اور سیلز ٹیکس کے بارے میں بھی لائحہء عمل طے کیاجائے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ زرگربرادری اور جیولرز اور تمام متعلقین اتحاد کی برکت سے اپنے مسائل کے حل اور حکومت سے اپنی بات منوانے میںکامیاب ہوجائیں گے۔انہوں نے کہاکہ حاجی ہارون رشید چاند کی قیادت پر پوری زرگر برادری کا اعتماد ہے۔انہوںنے بتایاکہ اجلاس کے بعد متفقہ لائحہء عمل کا اعلان کیاجائے گا۔

Comments are closed.