سرینگر :کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت،اطلاعات کے مطابق بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے دبئی میں ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے ایک میچ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت کا جشن منانے پر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقے اور بھارت میں کشمیری طلباء اور نوجوانوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کی تازہ لہر کی مذمت کی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارت کے غیر مہذب اور قدامت پسندانہ رویے پر افسوس کا اظہار کیا جس کی جدید دنیا کوئی گنجائش نہیں ہے ۔
انہوں نے بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر آگرہ کی ایک عدالت کے احاطے میں وکلا اور عدلیہ کے عملے کی طرف سے تین کشمیری طلبا پر تشدد کی بھی مذمت کی۔انہوں نے بے بنیاد الزامات کے تحت کشمیری طلباء اور نوجوانوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کیلئے اپنی عدلیہ کو استعمال کرنے پر بھارتی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے عدالتی احکامات کوسیاسی انتقام کی کارروائی قرار دیا جس میں ان بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو دس سال سے زائد قید کی سزا سنائی گئی ہے ۔ حریت ترجمان نے بارہمولہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں جعلی مقابلے میں شہید ہونے والے ایک اور کشمیری نوجوان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی پسند کشمیری عوام بھارتی ظلم و تشدداور نسل کشیُ خصوصا اعلیٰ تعلیم یافتہ کشمیری نوجوانوں کے قتل عام اور گرفتاریوں کا بغور مشاہدہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے جبری قبضے کے خلاف ان کا غم و غصہ اپنی انتہا کو پہنچ چکا ہے ۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں مودی حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر کشمیریوں کے قتل عام ، گرفتاریوں ، کالے قوانین کے وحشیانہ استعمال اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے۔
حریت ترجمان نے انہوں نے عالمی امن اور خوشحالی کے بہترین مفادمیں دیرینہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا اور بھارتی فورسز کے ہاتھوں مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کی نسل کشیُ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کاسلسلہ فوری طورپر بند کرانے کا مطالبہ کیا ۔