یمن میں حوثی باغیوں کا مساجد اور ہسپتالوں پر مارٹر گولوں سے حملہ شہری زخمی اور ہلاک
تفصیلات کے مطابق حوثی ملیشیا نے مغربی شہر الحدیدہ میں ایک مسجد اور شہریوں کے گھروں پر گولہ باری کی۔ حملے میں ایک یمنی جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق باغی حوثیوں نے الحدیدہ شہر کے علاقے المنظر کی سب سے بڑی "مسجد الہدی” کو شدید بم باری کا نشانہ بنایا۔ حوثیوں کی جانب سے داغے گئے توپ کے گولوں نے مسجد کو براہ راست نقصان پہنچایا۔ اس وحشیانہ بم باری کے سبب متعدد خاندان علاقہ چھوڑ کر الحدیدہ شہر کے جنوبی دیہات کی جانب چلے گئے۔
بدھ کے روز جنوبی صوبے الضالع کے علاقے مریس میں حوثیوں کی جانب سے مارٹر گولے داغے جانے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چار بچے زخمی ہو گئے جن میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق اس دوران باغیوں نے اندھادھند طور پر توپ کے گولے اور راکٹ داغے۔
دوسری جانب حوثی ملیشیا نے الحدیدہ شہر میں ” 22 مئی ہسپتال” کو بم باری کا نشانہ بنایا۔ یہ کارروائی یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس کی جانب سے اس اعلان کے چند گھنٹوں بعد سامنے آئی جس میں انہوں نے جلد از جلد یمنی فریقوں کے ساتھ مشاورت دوبارہ شروع کرنے کا ارادہ کیا تھا۔