”انسداد پولیو اور غربت میں تخفیف میں تعاون پر بل گیٹس کا مشکور ہوں“:عمران خان

اسلام آباد:”انسداد پولیو اور غربت میں تخفیف میں تعاون پر بل گیٹس کا مشکور ہوں“:اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے انسداد پولیو اور غربت میں تخفیف میں تعاون پر مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم عمران خان نے بل گیٹس کے ہمراہ اپنی تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان آنے والے بل گیٹس کا خیر مقدم باعثِ مسرت تھا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ انسانی بہبود کی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر بل گیٹس کی پذیرائی کی جاتی ہے، انسداد پولیو اور غربت میں تخفیف کے منصوبوں پر تعاون پر مشکور ہوں۔

 

 

مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے آج وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کیا۔ دورہ کے موقع پر انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پولیو کے خاتمے اور دیگر اہم موضوعات پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں وزیر اعظم نے پولیو کے خاتمے کے لیے تعاون پر بل گیٹس سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کورونا سے نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

علاوہ ازیں مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کو ”ہلال پاکستان“ ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔ بل گیٹس کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہلال پاکستان ایوارڈ دیا۔

سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ہلال امتیاز ایوارڈ حاصل کرنے پر مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کو مبارکباد دی اور کہا کہ بل گیٹس دنیا بھر میں غربت، بیماری، عدم مساوات کے خلاف لڑے، آپ گراں قدر اور غیر معمولی خدمات کے لیے اعزاز کے مستحق ہیں۔

Comments are closed.