کراچی:بارشوں سے ہونےوالی تباہی پربہت دُکھ ہوا ہے،اطلاعات کےمطابق سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں بارشوں سے ہونے والے نقصان پر افسردہ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سندھ بھر میں بارشوں کی صورتحال پر سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ بھر میں بارشوں سے ہونے والے نقصان پر افسردہ ہیں، کراچی میں بارشوں کے بعد انتظامیہ اور سندھ حکومت غائب ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر پانی جمع ہے، لوگ ٹریفک پھنسے ہوئے ہیں، کئی نالے الٹے بہنا شروع ہوچکے ہیں، شہر کراچی پر سیاست کرنے والے گھروں میں چھپ کر بیٹھے ہیں۔

عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے کراچی کے نالے صاف کروائے جس سے عوام کو رلیف ملا، سندھ حکومت نے ان نالوں کی دوبارہ صفائی نہیں کرائی، کراچی کے لوگوں کو پیپلزپارٹی ووٹ نہ دینے کی سزا دے رہی ہے۔

سابق گورنر سندھ نے کہا کہ سڑکیں تالاب بن چکی ہیں مگر نااہل ایڈمنسٹریٹر اور انتظامیہ غائب ہے، سندھ حکومت صرف شہر کراچی سے بھتہ کلیکشن کا کام احسن طریقے سے کرسکتی ہے۔

بارش نے سندھ حکومت کی کارکردگی کا پول کھول دیا،کراچی میں مون سون کے پہلے اسپیل میں آج بھی بادل خوب برسے اور شہر بھر میں صبح سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس، کلفٹن، حسن اسکوائر، جیل روڈ، شارع فیصل، بہادرآباد، طارق روڈ، ملیر، گلستان جوہر، گلشن اقبال، ناظم آباد، آئی آئی چندریگرروڈ، گلشن حدید، قومی شاہراہ سپرہائی وے، کاٹھوڑ پر ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

دوسری جانب کراچی میں مسلسل بارش کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوگئی ہے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

کراچی میں شاہراہ فیصل ڈرگ روڈ ، راشد منہاس روڈ، میلینم، لالو کھیت کی طرف حسن اسکوائر، یونیورسٹی روڈ، سفاری پارک ، ایکسپو ٹرننگ جانب اسٹیڈیم ، حسن اسکوائر پل کی جانب اسٹیڈیم، (دونوں اطراف)، عصر شیریں کے قریب بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ بدترین ٹریفک جام ہے۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ ان تمام مقامات پر پانی روڈ پر جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک جام ہے لہذا تمام گاڑیوں والے اور بائیک والوں سے گزارش ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ہمارے ساتھ تعاون کریں۔

ٹریفک پولیس کے مطابق کراچی کازوے روڈ سیلابی ریلے کے بائث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ، کازوے روڈ پر ایک بڑا گھڑا بن چکا ہے ، ٹریفک کی آمد و رفت کو سیلابی ریلے کے بائث بند کیا گیا ہے ، کازوے روڈ پر کوئی بھی حادثہ پیش آسکتا ہے ، اعلی افسران سے متعلقہ اداروں کو درخواست لکھنے کی استدا کی ہے۔

Shares: