موسمیاتی تبدیلی صرف ایک سمت کی پیروی نہیں کرتی. وزیر اعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے جاپان میں سمندری طوفان سے تباہی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کی ہولناکیوں سے بیدار ہونے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ موسمیاتی تبدیلی صرف ایک سمت کی پیروی نہیں کرتی ہے.

وزیر اعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ جاپان کے عوام سمندری طوفان نان ماڈول کی تباہ کاریوں کا سامنا کر رہے ہیں۔جاپان کے عوام اور حکومت سے مخلصانہ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی صرف ایک سمت کی پیروی نہیں کرتی یہ کسی بھی ملک میں تباہی لا سکتی ہے۔دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کی ہولناکیوں سے بیدار ہونے کی ضرورت ہے۔


واضح رہے کہ اس صدی کا سب بڑا سمندری طوفان کہلائے جانے والے ٹائیفون نان ماڈول نے جاپانی جزیرےکیوشو سے ٹکرانے کے بعد تباہی مچادی ہے۔ جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق جاپانی جزیرے میں شدید طوفانی بارشوں کے ساتھ 162 کلومیٹر (100 میل) فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ جزیرے پر ہوائی اور ٹرین سروس مکمل طور پر بند کر دی گئیں ہیں۔ طوفان کے باعث سے تقریباً 3 لاکھ گھر بجلی سے محروم ہیں۔ جبکہ حکومت کی جانب سے 40 لاکھ افراد کو انخلا کا حکم دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل غیر ملکی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق سمندری طوفان کے ٹکرانے کے خطرے کی وجہ سے گزشتہ روز انتظامیہ نے 2 ملین لوگوں کو اپنے گھر بارچھوڑ کر محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی تھی، جاپان کے محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان اپنی شدت کے ساتھ جاپان کے جنوب مغربی حصے سے ٹکرائے گا جس کے باعث تیز ہوائیں اور شدید بارش بھی ہوسکتی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق طوفان کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوسکتی ہے کیونکہ سمندری طوفان کی شدت کو دیکھتے ہوئے پانچوے درجے کا طوفان قرار دیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ، دریا اور ندی نالوں میں سیلابی صورتحال کا بھی سامنا ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا جبکہ طوفان کے باعث جاپان میں فلائیٹ آپریشن بھی متاثر ہوا ہے جاپان ائیرلائنز اور آل نیپون ائیر ویز نے پہلے ہی اپنی 335 پروازوں کو منسوخ کردیا.

Comments are closed.