’کورونا وائرس سے متعلق اقدامات کی نگرانی کررہا ہوں،گھبرانے کی ضرورت نہیں‘استغفارجاری رکھیں ،وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد:’کورونا وائرس سے متعلق اقدامات کی نگرانی کررہا ہوں،گھبرانے کی ضرورت نہیں‘استغفارجاری رکھیں ،وزیراعظم عمران خان ،اطلاعات کےمطابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے متعلق اقدامات کی ذاتی طور پر نگرانی کررہے ہیں اور عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔

پاکستانیوں کومخاطب ہوتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’میں کورونا وائرس سے متعلق اقدامات کی ذاتی نگرانی کر رہا ہوں، اس حوالے سے قوم سے جلد خطاب کروں گا‘۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ’میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں‘۔انہوں نے کہا کہ ’ کورونا سے نمٹنے کیلئے احتیاط کی ضرورت ہے گھبرانے کی نہیں‘۔

اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم خطرے سے بخوبی آگاہ ہیں اور عوام کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے حفاظتی اقدامات کر رہے ہیں، ڈبلیو ایچ او نے بھی ہمارے اقدامات کو سراہا ہے‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر ایران اور افغانستان کے ساتھ مغربی سرحدیں ابتدائی طور پر 14 روز کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سرحدوں کی بندش کا اطلاق 16 مارچ 2020 سے ہوگا۔ اس کے علاوہ 23 مارچ کو ہونے والی پریڈ بھی منسوخ کردی گئی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں 5 اپریل تک مدارس سمیت تمام تعلیمی ادارے بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ملک میں تمام بڑے اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی ہے، ریاست کے لیے لوگوں کے تحفظ سے بڑھ کر کچھ نہیں، شادی ہالز میں تقریبات پر دو ہفتوں کیلئے پابندی لگائی گئی ہے، دو ہفتوں کیلئے سینما گھروں اور تھیٹرز کو بند کیا جارہا ہے۔

Comments are closed.