اسلام آباد:عمران خان کے لیے مشکلات میں اضافہ ،اطلاعات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نےکہا ہےکہ وہ کسی صورت عمران خان کو اسلام آباد نہیں آنے دیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نےکہا کہ تحریک انصاف کے کارکن اسلحہ جمع کر رہے ہیں، کسی صورت عمران خان کو اسلام آباد نہیں آنے دوں گا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس رپورٹس ہیں کہ عمران خان کاارادہ پر امن احتجاج کانہیں بلکہ فتنہ فسادکا ہے۔

اس سے قبل میڈیا سےگفتگو میں رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ریڈ زون سمیت پورے اسلام آباد کی سکیورٹی اہم ہے، ریڈ زون کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائےگی، ایجنسیوں کی رپورٹ ہے کہ ان کے جتھے خیبرپختونخوا سے اسلحہ بردار ہو کر آئیں گے، عمران خان سمیت ان کے ممبران کی گرفتاری ضرور بنتی ہے، موقع ملا تو عمران خان اور ان کے ممبران کو ضرور گرفتار کیا جائےگا۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ یقین دلاتا ہوں کہ آئندہ 2 سے 3 دن نہیں بلکہ کل شام تک حالات نارمل ہو جائیں گے، اگر اسلام آباد انتظامیہ نے درخواست کی تو رینجرز اور فوج کو طلب کیا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے آج چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال بیورو کریسی، عدلیہ اور نیوٹرل کا امتحان ہے۔

پشاور میں تحریک انصاف یوتھ ونگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نیوٹرل کا امتحان ہے کہ وہ امریکی نوکروں کے ساتھ کھڑے ہیں یا ملک کے حقیقی آزادی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ قوم بیدار ہے، قوم کو سازش کا پتہ ہے، قوم ان چوروں اور امپورٹڈ حکومت کو کبھی برداشت نہیں کرے گی، جو بھی عوامی سیلاب کو روکنے کی کوشش کرے گا وہ بہہ جائے گا۔چیئرمین تحریک کا کہنا ہے کہ کل اسلام آباد جانے والے راستوں سے رکاوٹیں ہٹانا نوجوانوں کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ کل رات ایسا کریک ڈاؤن کیا گیا جیسے ہم کوئی غداری کررہے ہیں، ہمارے لوگوں کوپکڑ کرجیلوں میں ڈالا، گھرمیں گھس کرہراساں کیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کل پشاور سے مارچ کی قیادت کروں گا، مارچ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلوس ہوگا۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ يہ سياست نہيں جہاد ہے، يہ ملکی آزادی کی جنگ ہے، تحريک تب تک چلے گی جب تک اليکشن کی تاريخ نہيں ملتی۔

Shares: