واشنگٹن : امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر سردارمسعود خان نے کہا ہے کہ امریکہ کیلئے پاکستان کی برآمدات میں23فیصد اضافہ ہوا، گذشتہ سال برآمدات نے پہلی بار5ارب ڈالر سے تجاوز کیا تھا۔
اپنے ایک بیان میں نا کا کہنا ہے کہ اس سال جولائی سے مئی تک برآمدات6.16ارب ڈالرتک پہنچ گئیں، جون کےاعداد وشمار امریکہ کیلئے برآمدات کےحجم میں اضافہ کرینگے۔
مسعودخان نے کہا کہ گذشتہ مالی سال امریکہ سے پاکستان کیلئے درآمدات2.4ارب ڈالر رہیں، جولائی سے مئی کے دوران درآمدات2.72 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
پاکستانی سفیر کے مطابق درآمدات میں اضافہ معمولی رہا جبکہ برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ ہوا، امریکہ اہم تجارتی پارٹنر ہے،پاکستان کی سب سے بڑی منزل برآمدات ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری برآمدات میں اضافہ بہت حوصلہ افزا رجحان ہے، سروسز، آئی ٹی سیکٹر میں پاکستانی برآمدات2ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی ہیں۔
مسعودخان نے کہا کہ برآمدات کا حجم بشمول سروسز،آئی ٹی8ارب ڈالر سے بڑھنےکی توقع ہے، پاکستان کے ٹیک سیکٹر کو امریکی کمپنیز کی معاونت حاصل رہی۔
پاکستانی سفیر کے مطابق حالیہ مہینوں میں ٹیک سیکٹر میں نصف ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے، پاکستان میں ڈیجیٹل انٹرپرائزز گلوبل ہو رہی ہیں جو کہ مزید نموکیلئے تیار ہیں۔
ٹیک سیکٹر میں پاک امریکہ پارٹنر شپ آئندہ سالوں میں مزید مستحکم ہوگی، پاکستان نے سرمایہ کاری، ٹریڈ سےمتعلق دونوں ممالک کے قریبی تعلقات پر زور دیا۔
مسعودخان کا کہنا تھا کہ پاکستانی برآمدات کی شاندار کاکردگی اس رجحان کو مزید مستحکم کرے گی، پاکستان اور امریکہ کے درمیان ٹریڈ اور سرمایہ کاری کا اجلاس مئی میں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کی قیادت اسسٹنٹ ٹریڈ نمائندے کرسٹوفر ولسن نے کی جبکہ پاکستان کی قیادت کامرس سیکریٹری صالح احمد فاروقی نے کی۔