عمران عباس رواں برس ترکی سے رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کریں گے

پاکستان کے مقبول اداکار عمران عباس رواں برس ترکی سے ‘بارانِ رحمت’ کے نام سے رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کریں گے-

باغی ٹی وی : عمران عباس کے دورہ ترکی کی تصاویر ان دنوں انسٹاگرام سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کررہی ہیں جن میں وہ ڈراما سیریز ‘دیریلیش ارطغرل’ کے اداکاروں سے ملاقاتیں کرتے بھی نظر آئے۔

تاہم اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ اداکار عمران عباس صرف ترکی کی سیر کو نہیں گئے بلکہ وہ رواں برس ترکی کے شہر استنبول سے رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی بھی کریں گے۔

اداکار عمران عباس رواں برس ‘بارانِ رحمت’ کے نام سے رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کریں گے جسے ای میکس میڈیا پروڈکشنز کی جانب سے پروڈیوس کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ای میکس میڈیا پروڈکشنز ٹی وی اور مقامی او ٹی ٹی پلیٹ فارمز جیسا کہ اردو فلکس پر دیکھے جانے والے مواد میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

ای میکس میڈیا پروڈکشنز کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں رمضان ٹرانسمیشن اور اس کے میزبانوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔

پوسٹ میں بتایا گیا کہ رمضان ٹرانسمیشن 2021 کی میزبانی عمران عباس ترکی سے جبکہ اداکارہ ریما اور فرحان علی وارث پاکستان سے کریں گے۔

مزید کہا گیا کہ ای میکس میڈیا پروڈکشنز کی جانب سے پیش کی جانے والی یہ ٹرانسمیشن نجی ٹی وی چینلز آج انٹرٹینمنٹ اور آج نیوز سے نشر ہوگی۔

بعدازاں نجی چینل آج انٹرٹینمنٹ کی جانب سے بھی مختلف سوشل میڈیا پوسٹس میں ترکی سے رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی سے متعلق بتایا گیا۔

عمران عباس کی اس رمضان ٹرانسمیشن کی کچھ اقساط کی ریکارڈنگ رمضان المبارک کی آمد سے قبل کرلی گئی ہیں ان اقساط کی ریکارڈنگ کی کچھ جھلکیاں ای میکس ٹی وی کے اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں دکھائی گئی ہیں جس میں ترک اداکار بھی موجود ہیں۔

Comments are closed.