عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی سماعت آج ہوگی
عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی سماعت آج ہوگی
سپریم کورٹ آف پاکستان میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی حکومتی درخواست پر سماعت آج بروز جمعہ 2 دسمبر کو ہوگی۔ اس سلسلے میں عدالت نے عمران خان سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ ( جج جسٹس اعجاز الاحسن ، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس منیب اختر اور جسٹس یحیٰی آفریدی) کیس کی سماعت کرے گا۔
واضح رہے کہ پچیس مئی کے لانگ مارچ میں عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر سیکریٹری داخلہ نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر عمران خان سے تفصیلی جواب طلب کیا تھا جس پر عمران خان نے مؤقف اپنایا تھا کہ انہیں سپریم کورٹ کے احکامات کا علم ہی نہیں تھا۔ وزارت داخلہ نے عمران خان کے جواب پر مختلف ویڈیو کلپ پیش کیے جس میں عمران خان اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو موبائل فون استعمال کرتے دکھایا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق عمران خان کے ساتھ جیمرز نہیں تھے اس لیے رابطے میں دشواری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔