عام آدمی کیلئےسستے آٹے کی فراہمی کا میکنزم تیار،کپتان کو غریبوں کی فکر

0
38

لاہور: عام آدمی کیلئےسستے آٹے کی فراہمی کا میکنزم تیار،کپتان کو غریبوں کی فکر،اطلاعات کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سبسڈائز آٹا اب ہر کسی کو نہیں ملے گا، سستے آٹے کی فراہمی کو صرف غریب طبقے تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے میکنزم طے کر لیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر گندم و آٹے کی قیمتوں کے لیے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر صنعت میاں اسلم اقبال و چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری فوڈ سمیت دیگرافسران نے شرکت کی، سیکرٹری فوڈ نے پنجاب میں گندم و آٹے کی صورتحال اور قیمتوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومتی سستے آٹے کی فراہمی کو اب صرف غریب طبقے تک ہی محدود رکھا جائے گا، غریبوں تک حکومتی آٹے کی فراہمی کیلئے احساس پروگرام ڈیٹا یا یوٹیلیٹی سٹورز کا استعمال کیا جائے گا۔

سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے محکمہ خوراک کو سفارشات تیار کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے گندم کی امپورٹ کے لیے تمام رکاوٹیں ختم کر دی ہیں، آٹے پر سبسڈی ٹارگٹڈ کرنے کے لیے طریقہ کار بدلنا ہوگا، ہر ایک کوآٹے پر سبسڈی دینا جائز بات نہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان فلور ملزایسوسی ایشن پنجاب زون نے آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں مزید 50 روپے کا اضافہ کردیا جس کے بعد آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 975 روپے ہوگئی۔ فلورملز کی جانب سے آٹے میں قیمتوں کے اضافے کے بعد لاہور آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن نے بھی چکی آٹے کی قیمت میں 3 روپے فی کلو اضافے کا اعلان کردیا۔

پاکستان فلورملزایسوسی ایشن پنجاب زون کے چیئرمین عبدالرؤف مختار کا کہنا تھا کہ آٹے کی قیمت میں اضافہ محکمہ خوراک پنجاب کی ناقص پالیسیوں کے باعث ہوا، محکمہ خوراک نے فلور ملوں کو گندم کی خریداری نہیں کرنے دی جس کے باعث فلور ملوں کے پاس گندم کا سٹاک موجود نہیں، اوپن مارکیٹ میں گندم 1800 روپے فی من سے تجاوز کرچکی ہے، ایسے میں فلور ملز مہنگی گندم خرید کر سستے داموں آٹا فروخت نہیں کرسکتیں۔

Leave a reply