کرپشن بچانے کےلیے عمران خان نے تحریک فساد شروع کردی،مریم اورنگزیب

0
100

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اپنی کرپشن بچانے کےلیے عمران خان نے تحریک فساد شروع کردی ہے۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں مریم اورنگزیب نے عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیا اور کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین پاکستان میں انصاف کا نہیں بلکہ انتقام کا نظام چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قوم سیلاب میں اور عمران خان اپنی ’میں‘ میں پھنسے ہوئے ہیں، جنوبی پنجاب جو سیلاب میں ڈوبا ہے، وہاں بھی ان کے سر پر شہباز شریف اور مریم نواز سوار ہیں۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کو کچھ دینے کے بجائے عمران خان نے آج پھر اپنی جھوٹی سیاست کا پیٹ بھرا۔اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان میں انصاف نہیں، تحریک انصاف کا انتقامی نظام چاہتے ہیں، اپنی کرپشن کے مقدمات سے بچنے کےلیے پی ٹی آئی چیئرمین نے تحریک فساد شروع کی ہے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان سیلاب متاثرین نہیں بیانیہ زندہ رکھنے کے مشن پر ہیں۔ وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک کا ایک تہائی حصہ زیر آب ہے، اور 80 اضلاع آفت زدہ ہیں، جب کہ عمران خان سیلاب متاثرین نہیں بلکہ اپنا بیانیہ زندہ رکھنے کے مشن پر ہیں۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے 3 کروڑ لوگ متاثر ہوچکے ہیں اور لاکھوں لوگ کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں، جب کہ عمران خان جلسوں اور قوم کو انقلاب کیلئے جگانے میں مصروف ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان سیلاب زدگان کو پیغام دے رہے ہیں کہ انھیں بس اپنی سیاست سے غرض ہے، اور انہیں عوام کی مشکلات اور زندگیوں سے کوئی سروکار نہیں۔

شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ لوگ ریسکیو کے منتظر ہیں، اور پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر عمران کو پک اینڈ ڈراپ دے رہا، عمران خان خود غرضی کی عینک اتار کر ملک کی صورت حال دیکھیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ وقت جلسوں کا نہیں بلکہ زندگیاں بچانے کا وقت ہے، لیکن عمران خان اس وقت بھی لوگوں کو نفرت اور انتشار پر اکسا رہے ہیں۔

Leave a reply