عمران خان نے دہشت گردی کا مقدمہ خارج کرانے کیلیے عدالت سے رجوع کرلیا

0
56

چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے خلاف درج دہشت گردی کا مقدمہ خارج کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے.

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے خلاف درج دہشت گردی کا مقدمہ خارج کرانے کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
اپنی درخواست میں عمران خان نے موقف اختیار کیا ہے کہ میرے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ بے بنیاد ہے، اس مقدمے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے خارج کردیا جائے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل عمران خان کی جانب سے اسلام آباد میں ایک تقریر کی گئی تھی جس پر عمران خان پر اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ افسران کو دھمکیاں دینے کے الزام میں مارگلہ تھانے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

دوسری جانب اسلام آباد کی ماتحت عدالت نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ضمانت منظور کرلی۔ ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد ظفر اقبال نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ضمانت منظور کی ہے.

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر کی دفعہ 144 کی خلاف ورزی پرمقدمات میں ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ فاضل عدالت نے5 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض 7 ستمبر تک اسد قیصر کی ضمانت منظورکی گئی ہے.

جبکہ عدالت نے آئندہ سماعت پر پولیس کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔

مقدمات کا پس منظر

شہباز گِل کی گرفتاری کے خلاف 20 اگست کو عمران خان کی سربراہی میں ریلی نکالی گئی تھی۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے مقدمات قائم کئے گئے تھے۔

شیخ رشید،سیف اللہ نیازی،علی نواز اعوان، راجا خرم نواز، فیصل جاوید، صداقت عباسی اور شہزاد وسیم پہلے ہی ضمانت کراچکے ہیں۔

Leave a reply