مقبوضہ وادی میں بدترین لاک ڈاؤن : کرفیو کا 48 واں روز، بھارتی مظالم جاری ، عالمی برادری کی خاموشی جاری
سری نگر: مقبوضہ وادی میں بدترین لاک ڈاؤن : کرفیو کا 48 واں روز، بھارتی مظالم جاری ، عالمی برادری کی خاموشی جاری سری نگر سے اطلاعات کےمطابق مقبوضہ وادی میں کرفیو کا48 واں روز ہے اور عالمی ضمیر ابھی بھی بے حس ہے جو کشمیریوں کے ان مصائب پر نہ تو آواز بلند کر رہا ہے اور نہ ہی بھارت پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے،سری نگر کی جامع مسجد میں 5 اگست کے بعد جمعہ کی نماز نہ ہوسکی
مقبوضہ کشمیرکی صورت حال اس قدر بگڑ گئی ہے کہ وادی میں تعینات بھارتی فوج نے خوف کا ماحول بنا دیا، کشمیری اپنے گھروں میں قید ہوگئے، لوگ روزمرہ کی ضروری اشیاء خریدنے سے قاصر ہیں، دودھ، بچوں کی خوراک، ادویات سب ختم ہوچکا ہے۔وادی میں تمام مساجد کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، اب تک ہزاروں کشمیریوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے
وادی میں مارکیٹ، دکانیں، بزنس اور تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔ مسلسل کرفیو کی وجہ سے سیب کی پکی فصلیں خراب ہونے لگیں۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنی فصلیں مارکیٹوں تک پہنچانے میں ناکام ہیں۔تمام تر بھارتی مظالم کے باوجود لوگوں کا حوصلہ بلند ہے، مسلسل کرفیو کے باوجود مظاہرے اور جگہ جگہ احتجاج جاری ہے۔
بھارتی فوج طاقت کے زور پر کشمیریوں کی آواز دبانے میں مصروف ہے۔ ہر گلی اور سڑک پر بھارتی فوج تعینات ہے، کشمیریوں کو گھروں سے نکلنے نہیں دیا جا رہا، مارکیٹ، دکانیں، ٹرانسپورٹ بند ہیں، کمیونی کیشن سسٹم بند جبکہ ٹی وی چینلز تک رسائی نہیں، مودی سرکار بھارتی سیاسی رہنماؤں کو بھی وادی کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں دے رہی۔