پاکستان میں مون سون بارشوں سے ہلاکتوں کی تعداد 165ہوگئی
لاہور : مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی . بڑی تعداد میں پاکستانی ہلاک اور زخمی ہوئے ، اطلاعات کے مطابق پاکستان میں مون سون بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں 165 افراد ہلاک جبکہ 137 زخمی ہیں۔ ذرائع کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹرمینیجمنٹ اتھارٹی پاکستان کے مطابق مون سون بارشوں کے دوران ہلاک ہونے والوں میں 54 بچے، 35 خواتین اور 72 مرد شامل ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹرمینیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پاکستان میں سب سے زیادہ نقصان خیبر پختونخواہ میں ہوا جہاں 56 افراد ہلاک، 57 زخمی ہوئے۔ آزاد کشمیر میں 35 افراد لقمہ اجل بن گئے، 13 زخمی ہوئے۔ پنجاب میں 27 افراد کی جانیں گئیں اور 36 افراد زخمی ہوئے جبکہ سندھ میں 27 افراد موت کا شکار اور 12 زخمی ہوچکے ہیں۔ بلوچستان میں12 افراد جاں بحق اور 10 زخمی، گلگت بلتستان میں 6 افراد جاں بحق اور 9 زخمی جبکہ اسلام آباد میں بھی 2 افراد جاں بحق ہوئے۔
نیشنل ڈیزاسٹرمینیجمنٹ اتھارٹی ذرائع کے مطابق اگلے چند دنوں میں ملک بھر میں مزید بارشیں ہوسکتی ہیں. ان بارشوں میں شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے. یاد رہے کہ ان بارشوں سے ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی اس وقت بہت زیادہ متاثر ہے.