مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت کی چیئرمین سیدہ آسیہ اندرابی کی طرح‌ مزید کئی حریت پسند لیڈروں کی جائیدادوں‌ پر قبضہ کئے جانے کا امکان ہے. بھارتی ایجنسی این آئی اے کی نئی دہلی میں‌ بھارتی حکام سے مشاورت جاری ہے.

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی ایجنسی این آئی اے کے ایک افسر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنا نام نہ ظاہر کرتے ہوئے چونکا دینے والے انکشافات کئے اور کہا ہے کہ مبینہ فنڈنگ کیس کے حوالہ دہلی میں اعلیٰ‌ سطحی میٹنگیں‌ جاری ہیں‌ جن میں‌ مزید حریت لیڈروں‌ کی رہائشوں اور دیگر جائیدادوں پر قبضہ کئے جانے سے متعلق مشاورت ہوئی ہے.

این آئی اے کی طرف سے الزام لگایا جارہا ہے کہ مبینہ فنڈنگ کیس کے تار پاکستان کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں. بھارتی افسر کا کہنا تھا کہ این آئی اے دیگر حریت لیڈروں کے خلاف شواہد جمع کر رہی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر عسکریت پسندی کیلئے مبینہ فنڈنگ کا جائزہ لے رہی ہے. بھارتی افسر کا یہ بھی کہنا تھا کہ این آئی اے پچھلے تین ماہ سے اس حوالہ کام کر رہی ہے اور یہ کہ حریت لیڈروں کے ناموں‌ پر کھولے جانے والے بینک اکاؤنٹس کی بھی چھان بین کی جارہی ہے.

واضح رہے کہ این آئی اے نے سیدہ آسیہ اندرابی کی رہائش گاہ پر قبضہ کر لیا ہے جبکہ اسی طرح‌ محمد یٰسین ملک، شبیر احمد شاہ، سیدہ آسیہ اندرابی اور دیگر کئی حریت لیڈروں‌ کو گرفتار کر کے جیلوں‌ میں‌ ڈالا جاچکا ہے.

Shares: