بھارت کا یوم آزادی : دنیا آج یوم سیاہ کے طور پر منارہی ہے، بھارتی مظالم اور بھارتی مکاری ننگی ہوگئی

0
55

اسلام آباد : بھارت آج اپنا یوم آزادی منا رہا ہے تو دنیا اسے یوم سیاہ مانتی ہے اور آج دنیا بھر میں پاکستانی ، کشمیری اور دیگر انسانی حقوق کے علمبردار اسے یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں. مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آج 15 اگست 2019 کو بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر یوم سیاہ منایا جارہا ہے۔

کشمیریوں کے حقوق ضبط کرتے ہوئے بھارتی حکومت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کا اعلان کیا تھا اور مقبوضہ وادی میں ٹیلی فون، انٹرنیٹ اور ٹیلی ویژن نیٹ ورکس کو معطل کرکے کرفیو نافذ کردیا تھا۔بھارت نے خصوصی حیثیت تبدیل کرکے مقبوضہ وادی میں مزید ہزاروں فوجی تعینات کیے تھے اور وادی کو جیل میں تبدیل کردیا تھا جبکہ 12 روز سے جاری کرفیو کے باعث مقبوضہ کشمیر کے عوام بد ترین مشکلات کا شکار ہیں۔بھارتی فوج کے محاصرے میں پھنسے لوگ خوراک اور ادویات کی قلت کاشکار ہیں اور کشمیری بچوں کو بھی دودھ کی فراہمی تک بند ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف حکومت پاکستان نے مقبوضہ جموں اور کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے 14 اگست کو پاکستان کے یوم آزادی کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منانے جبکہ 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا۔ملک کی قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آج دنیا بھر میں مقیم پاکستانی یوم سیاہ منائیں گے۔اس حوالے سے پاکستان اور مقبوضہ کشمیر سمیت مختلف ممالک میں بھارتی سفارتخانوں کے سامنے احتجاج کیا جائے گا جبکہ قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی جائیں گی۔

Leave a reply