انصاف اکیڈمی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا، نویں سے بارہویں جماعت تک کے طلبا مستفید ہوں گے

0
61

صوبائی وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کا انصاف اکیڈمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انصاف اکیڈمی کی شکل میں ایک ایسا ای لرننگ پلیٹ فارم تیار کیا گیا ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ دورِ جدید میں طلبا انصاف اکیڈمی جیسے منصوبوں کی مدد سے گھر بیٹھے معیاری تعلیم کے حصول میں بھرپور مدد حاصل کر سکیں گے۔

صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے بتایا کہ آغاز میں انصاف اکیڈمی کے قیام سے نویں سے بارہویں جماعت تک کے طلبا مستفید ہوں گے جبکہ اس پلیٹ فارم کو مرحلہ وار دیگر طلبا کے لئے بھی کھولا جائے گا۔ مراد راس نے یہ بھی کہا کہ پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ نے انصاف اکیڈمی کے قیام کیلئے بہت محنت سے کام کیا ہے۔ انصاف اکیڈمی کے پورٹل پر ہمارے بچوں کے لئے زبردست تعلیمی مواد موجود ہے اور اس آن لائن پورٹل کی مدد سے پاکستان بھر کے بچے بھی مستفید ہو سکیں گے۔

مراد راس کا کہنا تھا کہ انصاف اکیڈمی پورٹل پر بچے والدین کی نگرانی میں پڑھنے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ بھی دے سکتے ہیں اور اس پورٹل کے قیام سے اکیڈمی اور ٹیوشن کلچر کی بڑے پیمانے پر نفی ہو گی۔ صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب کی بدولت پنجاب میں 1 ہزار سے زائد سرکاری سکول متاثر ہوئے تھے جن میں سے اب تک 500 کے قریب بحال ہو چکے۔انصاف اکیڈمی کے قیام سے سیلاب سے متاثرہ بچے بھی گھر بیٹھے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

وزیر سکول ایجوکیشن پنجاب مراد راس نے محکمہ تعلیم پنجاب میں گزشتہ چار سال کے دوران شروع ہونے والے منصوبوں کے حوالے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے شدید اندرونی و بیرونی مخالفت کے باوجود محکمہ تعلیم پنجاب کا اپنا ڈیٹا سینٹر تیار کیا جو آج مکمل طور پر فعال ہے۔ گزشتہ ادوار میں دانستہ طور پر محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کو پیچھے دھکیلا گیا کیونکہ ہمارے سیاسی مخالفین نہیں چاہتے کہ ہماری آنے والی نسلیں پڑھی لکھی ہوں۔ مراد راس نے کہا کہ 2018 میں جب وزارت ملی تو میرے دفتر کے باہر تبادلوں کے لئے روزانہ درجنوں افراد موجود ہوتے تھے۔ ہم نے حکومتی خزانے سے ایک روپیہ خرچ کئے بغیر اساتذہ کے تبادلوں کے لئے ای ٹرانسفر سسٹم متعارف کرایا جس کی بدولت آج تک لاکھوں اساتذہ مستفید ہو چکے۔

مراد راس نے مزید کہا کہ اساتذہ کے لئے چھٹیوں اور اے سی آرز کے نظام کو بھی مکمل طور پر آن لائن کیا گیا اور اساتذہ کی بھرپور سہولت اور آسانی کے لئے ریٹائرمنٹ کا نظام بھی آن لائن ہو چکا۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ اساتذہ کیلئے تیار کئے گئے ریٹائرمنٹ نظام کی بدولت اب تک 15 ہزار سے زائد اساتذہ بغیر کسی دشواری کے گھر بیٹھے با آسانی آن لائن ریٹائرمنٹ سرٹیفکیٹ حاصل کر چکے۔

مراد راس نے یہ بھی کہا کہ محکمہ تعلیم پنجاب میں آن لائن نظام متعارف کروانے سے سالانہ 10 ارب روپوں کی کرپشن کا خاتمہ ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں دعویٰ کرتا ہوں کہ ٹیکنالوجی کے مثبت استعمال سے سب سے زیادہ فائدہ گزشتہ چند سالوں میں محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے حاصل کیا۔ مراد راس کا یہ بھی کہنا تھا کہ انصاف آفٹرنون سکولز پروگرام کے تحت 7 ہزار سے زائد سکولوں کو اپگریڈ کیا گیا اور اس اپگریڈیشن کیلئے ہماری حکومت نے 6.5 ارب روپے خرچ کئے جبکہ اگر یہی کام مسلم لیگ ن جیسی جماعتوں کے طریقے سے ہوتا تو حکومتی خزانے پر کم از کم کُل 295 ارب روپے کا بوجھ ڈالا جاتا اور مکمل کرنے کے لئے تین سال سے زائد کا وقت بھی درکار ہوتا۔

صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ٹرانسجینڈرز کے لئے الگ سکولوں کا قیام عمل میں لایا گیا اور ان سکولوں میں بھرتی کئے جانے والے اساتذہ بھی اُسی طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ مراد راس نے کہا کہ اساتذہ اور بچوں کی زندگی آسان بنانے کے لیے اسی رفتار سے کام کرتے رہیں گے۔ ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں کہ اساتذہ کی مکمل توجہ انتظامی مسائل کی بجائے صرف اور صرف ہمارے بچوں کو پڑھانے پر ہو. انصاف اکیڈمی کی لانچنگ تقریب میں سیکریٹری محکمہ سکول ایجوکیشن وقاص علی محمود، ایم ڈی پی سی ٹی بی ڈاکٹر فاروق منظور، سیکریٹری پی سی ٹی بی محمد رزاق، چئیرپرسن دانش سکولز سمیرا احمد، سی ای او دانش سکولز احمر ملک، ڈائریکٹر جنرل قائد، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ تعلیم و دیگر موجود تھے۔ لانچنگ تقریب کا آغاز تلاوت کلامِ پاک، نعتِ رسولِ مقبول، اور قومی ترانے سے کیا گیا اور اس کا انعقاد قائد اعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈیویلپمنٹ ہیڈکوارٹر ِلنک وحدت روڈ لاہور پر کیا گیا۔

Leave a reply