پنجاب کے سات اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز27جون سے ہوگا۔لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ڈی جی خان، بہاولپور، لیہ، میانوالی میں انسد ادپولیو مہم تین جولائی تک جاری رہے گی۔
مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے50لاکھ81ہزار بچوں کو ویکسیئن کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ 39ہزارسے زائد پولیو ورکرز خدمات سر انجام دیں گے۔
صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق اورچیف سیکرٹری کامران علی افضل کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد کیا گیا اجلاس میں انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ،اجلاس میں صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے ہدانت کی کہ انسداد پولیو مہم کو بھرپور انداز میں کامیاب بنایا جائے.
اس موقع پرصوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ بچوں کی صحت اور محفوظ مستقبل کیلئے ملک کو پولیو فری بنانا ہوگا۔ پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے سب کو ملکرقومی جذبے کیساتھ کام جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔
چیف سیکرٹیری کا کہنا تھا کہ اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز انسداد پولیو مہم کی خود نگرانی کریں،ڈینگی اور کوویڈ سے متعلق آگاہی بڑھانے کیلئے گھر گھر جانیوالی پولیو ٹیمیں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ پولیو ٹیمیں لوگوں کو ڈینگی اور کوویڈ سے متعلق احتیاطی تدابیر سے لازمی طور پر آگاہ کریں۔ سیکرٹری پرائمری ہیلتھ نے اجلاس کو بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ مئی میں مکمل کی جانیوالی انسداد پولیو مہم میں کوریج کا تناسب 101فیصد رہا، مقررہ ہدف 2کروڑ19لاکھ کے مقابلے میں 2کروڑ21لاکھ بچوں کو پولیو ویکسئن کے قطرے پلائے گئے۔ اکتوبر2020 سے پنجاب میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ہیلتھ، پولیو کے خاتمے کیلئے کام کرنے والے بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
علاوہ ازیں صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق اچانک ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرزہسپتال ننکانہ پہنچ گئے۔ صوبائی وزیرنے ڈی ایچ کیوہسپتال ننکانہ میں ایمرجنسی، سٹورروم، مائنرآپریشن تھیٹرزسمیت مختلف شعبہ جات کاتفصیلی دورہ کیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے ڈی ایچ کیو ہسپتال ننکانہ میں ڈاکٹرزکی حاضری، مریضوں کو ادویات کی فراہمی، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور ایمرجنسی سروسزکاجائزہ لیا۔
سی ای اوہیلتھ ڈاکٹراظہرامین اورایم ایس ڈاکٹرقیصرنے صوبائی وزیرخواجہ سلمان رفیق کوبریفنگ دی۔صوبائی وزیرخواجہ سلمان رفیق نے مریضوں کی عیادت کی اورطبی سہولیات بارے تفصیلات حاصل کیں۔
صوبائی وزیرخواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کی ہدایت کے مطابق مختلف سرکاری ہسپتالوں کادورہ کرکے طبی سہولیات کاجائزہ لیاجارہاہے۔ پنجاب کے کسی بھی سرکاری ہسپتال میں آنے والے مریضوں کوکوئی پریشانی نہ ہو۔ ریاست پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو اربوں روپوں کی مفت ادویات فراہم کررہی ہے۔ ہمیں پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کوصاف ستھراماحول فراہم کرناہے۔
خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ پنجاب کی عوام کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کے مناسب انتظامات کویقینی بنایاجارہاہے۔ وزیراعظم شہبازشریف عوام کوصحت کے شعبہ میں سہولت فراہم کرناچاہتے ہیں۔ پنجاب کی عوام کوصحت کی بہترسہولیات فراہم کرناہماری اولین ذمہ داری ہے۔