انضمام الحق نے نئے چیف سلیکٹر کو سپورٹ کرنے کی درخواست کر دی اور انھوں نے کھلاڑیوں پر تنقید کو بھی غلط قرار دیا۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کیلیے بلاگ میں سابق چیف سلیکٹر نے تحریر کیا کہ ہمیں سمجھنا چاہیے یہ پاکستان کی ٹیم ہے، ان کھلاڑیوں کو مشکل وقت میں حوصلہ افزائی کی ضرورت ہوتی ہے، تنقید برائے اصلاح سے کوئی انکار نہیں کرتا مگر جس طرح کھلاڑیوں کو بھارت کیخلاف میچ ہارنے کے بعد تنقید کا نشانہ بنایا گیا میں اس کی مذمت کرتا ہوں۔
انھوں نے کہا کہ تین سال سے زائد برس کام کے دوران مجھے پرستاروں کی بڑی تعداد نے سپورٹ کیا، اب میرا معاہدہ ختم ہورہا ہے۔ میری درخواست ہے کہ نئے چیف سلیکٹر پر تنقید کے بجائے انھیں سپورٹ کریں، ہمیں مشکلات میں اپنوں کا ساتھ دینے کا رواج اپنانا ہوگا۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے چند روز قبل اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا اور اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے کی وجہ صرف یہ بتائی تھی کہ میں نئے ٹیلنٹ اور لوگوں کو موقع دینا چاہتاہوں.بطور چیف سلیکٹر ان پر ناقدین کافی نتقید کرتے رہے ہیں.